Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرادیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے نویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے ہرادیا۔

فاتح ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ایونٹ میں مسلسل تیسری نصف سنچری بنا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

لاہور قلندرز کی یہ ایونٹ میں تیسرے میچ میں دوسری کامیابی ہے۔

200 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بناسکی۔

اننگز کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بننے والے اوپنر حضرت اللہ ززائی کے پویلین واپس لوٹنے پر وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے حسین طلعت کے ہمراہ 62 رنز کی شراکت قائم کرکے پشاور زلمی کو سہارا دینے کی کوشش کی ، تاہم وہ بھی 41 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
24 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

حسین طلعت 15 اسکور پر آؤٹ ہوئے تاہم اس موقع پر پشاور زلمی کی کمان حیدر علی نے سنبھال لی تھی۔

انہوں نے 144 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کی رفتار جاری رکھی، مگر انہیں کریز کے دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ اسپورٹ نہ مل سکی۔

نوجوان بیٹر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ایک اسکور کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرنے والے حیدر علی کے پویلین واپس لوٹتے ہی پشاور زلمی کی تمام تر امیدیں بھی دم توڑ گئی اور پوری ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز ہی بناسکی۔

اس دوران شیرفین ردر فورڈ 21، بین کٹنگ10، شعیب ملک 7 جبکہ آرش علی خان اور وہاب ریاض کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے۔

زمان خان نے تین جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ ویزے نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی دعوت پر لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے۔ اوپنر فخر زمان نے عبداللہ شفیق کے ہمراہ کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 94 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے لاہور قلندرز کو میچ میں مستحکم آغاز فراہم کیا۔

فخر زمان نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 66 رنز کی اننگز کھیلی. عبداللہ شفیق نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دونوں اوپنرز کے پویلین لوٹنے پر تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ نے 19 گیندوں پر 194کے اسٹرائیک ریٹ سے ناقابل شکست 37 اور کامران غلام نے 30 رنز بنا کر اسکور بورڈ کو چلانے کا سلسلہ آگے بڑھایا۔

آخر میں راشد خان نے 8 گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 22 رنز بنا کر اسکور 199 تک پہنچا دیا۔

سلمان ارشاد نے دو جبکہ حسین طلعت اور عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button