خواتین یونیورسٹی : "لیڈرشپ اینڈ گورننس” کے موضوع پر سیمینار
ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ ویمن یونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام "لیڈرشپ اینڈ گورننس” کے موضوع پرسیمینار منعقد ہوا ، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہ جبکہ مہمان خصوصی وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان تھے۔
سیمینار میں ویمن یونیورسٹی ملتان میں تمام شعبہ جات کی چیئرپرسن اور مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کہا کہ مقصدیت، اولوالعزمی، مستقل مزاجی اور اپنے کام سے عشق کسی بھی لیڈر کے بنیادی وصف ہوتے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر کوئی بھی لیڈر اپنی ٹیم ، رفقائے کار اور ادارے کو بلندی کی منازل طے کراتا ہے۔
لیڈر اپنی ٹیم کی غلطیوں پر سزا نہیں دیتا بلکہ ان کی تصیح کر کے ان کو کامیابی کے راستے پر ڈالتا ہے۔اپنے رفقائے کار کو مایوسی کی دلدل سے نکال کر روشن مستقبل کی نوید سناتا ہے۔
اس لئے تمام اساتذہ کو رول ماڈل بنتے ہوئے ایسے اقدامات کرنے چاہیں جس سے ان کے رفقاکارکے اعتماد میں اضافہ ہواور ادارے کی بہتری کےلئے کام کریں ،
سیمینار سے وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویمن یونیورسٹی اساتذہ کی صلاحتیوں کا جلا بخشنے کےلئے ایسے سیمینار منعقد کراتی رہتی ہے ۔
ڈاکٹر محمد رمضان کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے اپنے تجربات سے ہماری اساتذہ کو آگاہ کیا ، اور کامیابی کے گر بتائے انہوں نے گورننس اور مینیجمنٹ کے شعبہ میں ڈاکٹر رمضان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب ،ڈاکٹر سعدیہ ارشاد بھی موجود تھیں۔
اس سیشن کی فوکل پرسن لیکچرر نوشین عزیز تھیں۔