Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

آئیں ملکر جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کے لئے بات کریں : شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔
صوبے بنانے کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں۔

پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پی پی‘ ن لیگ دونوں جماعتوں کی قیادت کو خط لکھے کہ آئیں اور مل بیٹھ کر صوبہ کی تشکیل کیلئے بات چیت کریں۔

ابھی تک دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے جلد ہی مزید پیش رفت کر رہا ہوں۔ کئی دہائیوں تک باریاں لینے والی جماعتوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے کیا کیا؟ پی پی ن لیگ چاہتے تو اپنے دور اقتدار میں جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بہت کچھ کرسکتے تھے۔

پی پی، ن لیگ اپنے دور اقتدار میں صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے۔ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔جسے کوئی بھی رول بیک نہیں کرسکتا۔

جنوبی پنجاب کے عوام کی محرمیوں کا احساس ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہاں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، مختلف محکمہ جات کے سیکرٹری یہاں لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے موجود ہیں اور ترقی کا سفر تیزی سی جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں استقبالیہ تقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا اپوزیشن میں بیٹھے مایوس لوگ کبھی صدارتی نظام‘ کبھی عدم اعتماد اور کبھی اسمبلیوں کے خاتمے کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو نظام کے مخالف ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

میں آج ایک بارپھر واضح کر دیناچاہتاہوں وزیر اعظم عمران خان کو عوام نے پانچ سال کے لیے حکومت کا مینڈیٹ دیا ہے ، عمران خان بطور وزیر اعظم اور تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی اور عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہی ہوں گے، اور آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کا ہے۔

انہوں نے کہا کرونا وباء کے شدید اثرات کے باوجود ہماری حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

مہنگائی ہماری حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، مہنگائی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جلد ہی اس پر قابو پا کر عوام کے سامنے سروخرو ہونگے۔

انہوں نے کہا ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی وزیراعظم عمران خان کامشن ہے، اور آ ج بھی وزیراعظم عمران خان اسی مشن پر کار بندہیں۔

ہماری حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے کہ ا ن ساڑھے تین سالوں میں کسی حکومتی عہدیدار کا کرپشن کا کیس سامنے نہیں آیا۔ ملک اور قوم کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے، جس کے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام سے عوام کو نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ ان کے مسائل نچلی سطح پرحل ہونگے۔پنجاب کے برعکس سندھ میں بلدیاتی نظام پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اعتراض ہے۔

سندھ کے اس بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابا ت کی تیاری کریں۔کارکن بھر پور تیاری کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کیلئے میدان میں اتریں۔

بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی ملے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button