ایمرسن یونیورسٹی میں علمی نشست

ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اسلامیات اور اردو کے زیر اہتمام ماہِ رمضان کی مناسبت سے ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے کی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں طلباء کی اخلاقی و علمی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک تزکیہ نفس اور اخلاقی بلندی کا درس دیتا ہے۔
نشست کے مہمانِ خصوصی کنگ سعود یونیورسٹی، سعودی عرب کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر زید ملک تھے، جنہوں نے "ماہ مقدس اور اخلاقی تربیت” کے موضوع پر بصیرت افروز گفتگو کی۔
انہوں نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اخلاقی اقدار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران ایمرسن یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ماریہ اشرف ڈوگر کی علمی تصنیف "قرآن کا استفہامی اسلوب” کی رونمائی بھی کی گئی۔
مقررین نے کتاب کے علمی و تحقیقی پہلوؤں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم علمی کاوش قرار دیا۔ نقابت کے فرائض ڈاکٹر طیبہ رزاق نے انجام دیے، جبکہ صدر شعبہ اردو و اسلامیات، ڈاکٹر سجاد نعیم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر ماریہ اشرف ڈوگر کی علمی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کیش نشست کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر زید ملک کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔