مینگو فیسٹول ملتان کے لئے اہم اجلاس

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں سالانہ مینگو فیسٹیول کی آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ آصف الرحمٰن سمیت ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن محمد شہزاد نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے مینگو فیسٹیول کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک برانڈ بن چکا ہے اور شرکاء کو مینگو فیسٹیول کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا، اجلاس کے دوران کمیٹی نے متفقہ طور پر 26 اور 27 جولائی 2024 کو زرعی یونیورسٹی ملتان کے اکیڈمک بلاک میں مینگو فیسٹیول منعقد کروانے پر اتفاق کیا۔
جلاس میں ممبران کی طرف سے مختلف قسم کے مشورے اور تجربات سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا، اس سال مینگو ورائٹیز ڈسپلے ایگزیبیشن کا انعقاد پہلے سے زیادہ ورائٹیز پر مشتمل ہوگا اور مینگو ایکسپورٹرز کو الگ سے توجہ دی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ کمیٹی نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اس سال مینگو گرورز کے درمیان مقابلہ جات بھی کروائے جائیں گے۔
اس کے حوالے سے شہزاد صابر ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن نے مختلف خصوصیات پر مبنی ایک فارم مرتب کرنے کی حامی بھری جو کہ یونیورسٹی کے فوکل پرسن سے شیئر کیا جائے گا۔
اس موقع پر مینگو بیٹھک کے حوالے سے ایک نیا پروگرام کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں مینگو گروورز، کسان بھائی کمپنیز اساتذہ اور دیگر نمائندگان کو ایک جگہ اکٹھا کر کے مینگو کے پروڈکشن اور ایکسپورٹ کے حوالے سے جن مشکلات کا سامنا ہے اس کو مل کے حل کرنے کی کوشش پر توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے تمام کمیٹی ممبران کو بتایا کہ مینگو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں وزیر زراعت پنجاب اور یو اے ایس کونسل جنرل لاہور اور ایمبیسڈر آسٹریلیا شرکت کریں گے۔
وائس چانسلر نے یہ بھی بتایا کہ اختتامی تقریب میں جیتنے والے گروورز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے اور تمام شرکت کرنے والے گروورز میں اسناد دی جائیں گی۔
اس موقع پر مینگو گروورز اور یونیورسٹی کی فیکلٹی موجود تھی۔