ملتان کے 120 اسکولوں میں میٹرک ٹیک کی کلاسیں شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کی ہدایت پر نئے تعلیم سال میں میٹرک میں چار نئے گروپس کا اضافہ کیاگیا ہے جن کو میڑک ٹیک نام دیاگیا ہے۔
میٹرک ٹیک ایجوکیشن میں ایگریکلچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلتھ سائنسز اور فیشن ڈیزائنگ جیسے شعبے شامل ہیں، ان نئے مضامین کےلئے ملتان میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، چار اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال میں ان میں داخلے کئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں سی ای او ایجوکیشن ملتان صفدر واہگہ کا کہنا ہے کہ ٹیک ایجوکیشن کا مقصد سرکاری سکولوں کے بچوں کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ عملی میدان میں کامیاب ہو سکیں۔
122سکولوں میں میڑک ٹیک کی کلاس کا اجرا کیا جائے گا، 88 سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر کورسز پڑھائے جائیں گے جبکہ 32 سکولوں میں فیشن ڈیزائنگ کی کلاسز شروع کی جائیں گی، جس کےلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
یہ عملی کورسز ہیں جن کےلئے لیبارٹریاں مکمل ہوچکی ہیں اور فعال ہیں جبکہ مزید سکولوں میں لیبز کی اپ گریڈنگ کا کام جاری ہے، جن میں بھی یہ کورسز شروع کیے جائیں گے۔
ان سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کےلئے سکولز انٹرنیز کی تعیناتی کی جائے گی، ایس ٹی آئی کی بھرتی میں ان کورسز کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
کچھ سکولوں نے فوری طور پر کلاسز شروع کرنے کی اجازت طلب کی ہے، تاہم ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے موجودہ عملے اور فنڈز سے کلاسز کا اجراء ممکن بناسکتے ہیں تو داخلے کرسکتے ہیں ورنہ نئے مالی سال سے داخلوں کی منظوری لی جائے گی۔
سی ای او صفدر واہگہ کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کا احسن اقدام ہے، اس سے بیروزگاری کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ یہ کورسز ایسے ڈیزائن کئے گئے ہیں کہ بچہ دوران تدریس ہی اپنی انکم حاصل کرنا شروع کردے گا، اس لئے شہری ان کورسز میں اپنے بچوں کو داخلہ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ کا ٹارگٹ حاصل کرنے کےلئے عید کے بعد مہم چلائی جائے گی۔