میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات آج سے شروع؛ شفافیت کیلئے جدید نگرانی کا نظام متحرک، 26 مراکز حساس قرار

ملتان ڈویژن میں میٹرک (نہم اور دہم) کے پہلے سالانہ امتحانات آج 27 مارچ 2026 سے باضابطہ طور پر شروع ہو گئے ہیں۔
چیئرمین و کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیرِ صدارت امتحانات کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جن میں شفافیت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 466 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ملتان میں 183، خانیوال میں 114، وہاڑی میں 114 اور لودھراں میں 55 مراکز شامل ہیں، ان میں سے 26 مراکز کو حساس قرار دے کر خصوصی نگرانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کمشنر عامر کریم خان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر کے امتحانات کی کڑی نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران متحرک رہیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز امتحانی مراکز کے باقاعدہ دورے کریں گے۔ نقل کی روک تھام اور شفافیت کو اولین ترجیح دی گئی ہےادارہ جاتی اصلاحات کے تحت بورڈ آف گورنرز کی حالیہ اجلاس میں امتحانی مراکز میں بایومیٹرک حاضری کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آئی ٹی انویجلیٹرز تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی مراکز میں نگرانی کے کیمرے بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری بورڈ خرم شہزاد قریشی نے بتایا کہ امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں اور طلبہ کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کی ویب سائٹ پر امتحانات سے متعلق تمام معلومات اور ڈیٹ شیٹس دستیاب ہیں، جہاں سے طلبہ راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانی مراکز میں سہولیات کی فراہمی، سکیورٹی اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو سازگار ماحول میسر آ سکے۔
یاد رہے کہ میٹرک کے امتحانات 27 مارچ سے شروع ہو کر 16 اپریل 2026 تک جاری رہیں گے، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے ۔ پریکٹیکل امتحانات تحریری امتحانات کے اختتام پر 12 مئی سے شروع ہوں گے ۔
کمشنر نے واضح کیا کہ شفاف امتحانات کے انعقاد کے لیے فیلڈ افسران متحرک رہیں اور امتحانی مراکز کے باقاعدہ دورے کیے جائیں۔













