450 ریٹائرڈ ایم سی اساتذہ وملازمین کی پنشن روک لی گئی‘ متاثرین کا احتجاجی مظاہرہ‘سینہ کوبی

ضلع ملتان کے ایم سی کیڈر کے 450اساتذہ وسٹاف و ملازمین درجہ چہارم کی پنشن روک لی گئی ہے۔
فروری کی پنشن ملی تھی اور اب مارچ کے بعد اپریل کی پنشن بھی تاحال نہیں مل سکی۔
متاثرین نے پریس کلب ملتان کے باہر احتجاج کیا ، جس کی قیادت ریٹائر ہیڈ ماسٹر غلام شبیر اور رانا محمد اظہر نے کی۔
متاثرین نے فریاد کی کہ پنشن نہ ملنے کے باعث وہ بے سہارا ہوچکے ہیں اور ان کے گھروں میں فاقوں تک نوبت پہنچ گئی ہے۔بڑھاپے میں انہیں خوار کیا جا رہاہے اور دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کیاجارہا ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے مطالبہ کیاکہ صورتحال کا سخت نوٹس لیاجائے اور پنشن فوری اداکی جائے، جبکہ ان کی پنشن دیگر گورنمنٹ ملازمین کے ساتھ دی جائے۔
اس بارے میں رابطہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فنڈز ہی نہیں مل رہے‘ الٹا 18کروڑ روپے کی کٹوتی کرلی گئی ہے۔
فنڈز ملیں گے تو معاملات آگے چلیں گے۔