Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

سوا دو ارب روپے کی لاگت سے پرانی سیوریج لائنوں کو تبدیل کرنے کا عمل جاری

مینیجنگ ڈائریکٹر واسا قیصر رضا نے کہا ہے کہ شہریوں کو سیوریج، واٹر سپلائی کی فراہمی اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ اولین ترجیح ہے ۔

ملتان شہر کا بڑا مسئلہ بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی اور ویسٹ واٹر کی نکاسی ہے سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کے بوسیدہ ہونے کے باعث واسا کو چیلنجز کا سامنا ہے، اور ان درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سوا دو ارب روپے کی لاگت سے پرانی سیوریج لائنوں اور 1 ارب روپے کی لاگت سے بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1 ہزار کلومیٹر سے زائد سیوریج نیٹ ورک کے بوسیدہ ہونے کی وجہ سے روزانہ شہر کے مختلف علاقوں میں کراؤن فیلیئر کے متعدد واقعات رونما ہو رہے ہیں ،جبکہ واٹر سپلائی کی پرانی لائنوں کی وجہ سے پینے کے پانی میں مکسنگ کی شکایات کا سامنا ہے۔

ان شکایات کی روک تھام کے لیے سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے میگا پراجیکٹس کی اشد ضرورت ہے، جبکہ ان منصوبوں کے ساتھ ساتھ شہر کے ساؤتھ اور سنٹرل زون کے سیوریج کے پانی کو درست انداز سے ٹھکانے لگانے کے لیے 30 کلومیٹر سلج کیریئر اور شیر شاہ کے علاقے میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی وقت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزسابق رکن قومی اسمبلی شیخ طارق رشید،ملک آصف رفیق رجوانہ، ملک انور علی،عمائدین،سابق بلدیاتی نمائندوں سےملاقات کے موقع پر کیا۔

ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر، ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام سمیت سیوریج کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز ودیگر بھی موقع پر موجود تھے ۔

اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا ملتان شہر کی 65 فیصد آبادی کو نکاسی آب جبکہ 55 فیصد آبادی کو فراہمی آب کی سہولت میسر کر رہا ہے، ایم ڈی واسا نے بتایا کہ بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کے تحت اس وقت المصطفی روڈ، نواب پور روڈ، ٹی بی ہسپتال روڈ، انصاری چوک فیضان مدینہ، وہاڑی روڈ ، سوئی گیس روڈ،چونگی نمبر 9 کے علاقوں کی بوسیدہ سیوریج لائنوں کوتبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک ارب روپے کی مالیت سے پرانی واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے کا پچاس فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔

اس منصوبے کے تحت شہر بھر کے مختلف علاقوں میں 2 انچ سے 12 انچ تک کی 11 لاکھ فٹ واٹر سپلائی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے ، جبکہ کہ 20 نئے ٹیوب ویل لگاۓ جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان شہر میں اس وقت 297 ملین گیلن روزانہ سیوریج کا پانی حاصل ہو رہا ہے، 59 ملین گیلن روزانہ سیوریج کا پانی ٹریٹمنٹ کے بعد دریائے چناب میں ڈالا جا رہا ہے شہر کے ساؤتھ اور سینٹرل زون کا 238 ملین گیلن روزانہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والا سیوریج کا پانی بد قسمتی سے نہروں میں جا رہا ہے۔

شہر کے ان علاقوں کے سیوریج کے پانی کو درست انداز سے ٹھکانے لگانے کے لیے سلج کیریئر کی تعمیر کے منصوبے کی اشد ضرورت ہے ، سیاسی راہنماؤں نے ان منصوبوں کی تعمیر اور فنڈز کے حصول کے لیے یقین دہانی کروائی ۔

اس دوران سیاسی راہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کی نشاندہی اور واسا ملازمین کے افسران اور مختلف شخصیات کے گھروں میں کام کرنے کی شکایت کی۔

جس پر مینیجنگ ڈائریکٹر واسا نے تمام مسائل کےحل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button