میپکو ای آپریشنل سسٹم ملازمین کے لئے وبال جان بن گیا

ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) میں شروع کیا گیا الیکٹرانک آپریشنز سسٹم (E-OPS) ملازمین کے لئے وبال جان بن گیا۔ پرانے دقیانوسی آئی ٹی ٹیکنالوجی سے جدید سسٹم کو چلانے کا منصوبہ بُری طرح ناکامی سے دو چار ہوگیا۔ انٹرنیٹ کنکشنز کی عدم دستیابی کے باعث ہیڈ کوارٹر کے تمام شعبوں میں امور ٹھپ ہوکر رہ گئے، ایڈمنسٹریشن افسران اعلیٰ حکام اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کو سب اچھاہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق میپکو ہیڈ کوارٹر کے زیر انتظام مختلف شعبوں میں ای آفس شروع کردیا گیا تاہم جدید ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی اور انتہائی ناقص انٹرنیٹ سسٹم کی وجہ سے منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور روزانہ کئی کئی گھنٹے انٹرنیٹ /وی پی این بند ہونے کے باعث دفتری امور التواء کا شکار ہورہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شعبہ آئی ٹی کے نااہل انجینئرز اور ٹیکنیشنز ہر وقت شعبوں میں انٹرنیٹ اور ای آفس کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنی ناکام کوششیں کررہے ہیں جبکہ شعبہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مختلف شعبوں میں ای آفس کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے نہ نئے کمپیوٹر سسٹم فراہم کئے گئے اور نہ ہی انٹرنیٹ سپیڈ بڑھانے کے لئے تین ماہ میں کوئی اقدامات کئے گئے۔
ریجنل ٹریننگ سنٹر میں ای آفس سے متعلق ملازمین کو ٹریننگ دینے کا ناکام سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں بالا بالا چند مخصوص شعبوں کے ملازمین کو تربیت دیکر معاملہ ختم کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہناہے کہ میپکو ہیڈ کوارٹر کے متعدد افسران ای آفس چلانے سے نابلد ہیں اور انہیں تاحال کوئی تربیت بھی نہیں دی گئی جسکی وجہ سے ای آفس کا سارا دارومدار ملازمین تک محدود ہے، شعبہ ایڈمنسٹریشن ملازمین کی فائلیں ای آفس کے ذریعے آگے متعلقہ افسران کو بھیجنے کے بہانے لگا کر کئی کئی روز تک کام ٹھپ رکھتے ہیں اور ملازمین اپنی فائلیں نکلوانے کے لئے روازنہ دفتروں میں دھکے کھارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک کی سب سے بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنی ای آفس چلانے کے لئے اپنا سافٹ ویئر ہی نہ بنا سکی ہے اور نہ ہی شعبوں میں آئی ٹی مصنوعات فراہم کی گئی ہیں۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے پرانے اوثردقیانوسی ای آفس سسٹم کے ذریعے کمپنی کا ای آفس چلایا جارہا ہے، جو بُری طرح ناکامی سے دو چار ہے۔
میپکو ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کے ملازمین کا کہناہے کہ ای آفس سے بہتر مینوئل فائلنگ سسٹم تھا جس میں فائلیں رکنے کا جواز ہی نہیں بنتا تھا اور روزانہ کا کام روزانہ کی بنیاد پر ہو رہا تھا۔ ای آفس سسٹم کے نفاذ کے بعد مختلف شعبوں میں فائلیں کئی کئی روز رکنے سے اہم امور التواء میں جارہے ہیں جسکی ایڈمنسٹریشن کے حکام کو کوئی فکر نہیں ہے۔
اس بارے میں میپکو ترجمان کا کہنا ہے کہ جدید سسٹم کو نصب کردیا گیا ہے، ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے ، کچھ امور میں مشکلات درپیش ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ دور ہو جائیں گی ۔