کالج پرفارمنس مانیٹرنگ سسٹم ڈیزائن کرلیا : سیکرٹری ایچ ای ڈی
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے تعلیمی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور کالجز کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی و معاشرتی تقاضوں کے مطابق تربیت گاہوں میں تبدیل کرنے کے لیے دور رس نتائج کے حامل اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترقیاتی اسکیموں کے اہداف حاصل کرنے میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفہرست ہے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
جنوبی پنجاب کے کالجز کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ
وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے دورے پر آنے والے مڈکیرئیر منیجمنٹ کورس کے افسران سے گفتگو کر رہے تھے، زیر تربیت افسران کے وفد کی قیادت ثمرین زہرا کر رہی تھیں۔
محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کالجز کے تدریسی سٹاف اور طلباء و طالبات کا مکمل ڈیٹا اور تعلیمی ریکارڈ جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے محفوظ رکھنے کے لیے کالج پرفارمنس مانیٹرنگ سسٹم ڈیزائن کیا ہے، اس نظام کی بدولت شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی تعلیمی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نہ صرف تربیت کی جا رہی ہے، بلکہ کالجز میں ڈیجیٹل لائبریریز، سمارٹ کلاس رومز اور ریڈنگ کلبز کی تشکیل کے ساتھ ساتھ انہیں بنیادی سہولیات سے بھی آراستہ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ۔
جنوبی پنجاب کے کالجز میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کرنے کا فیصلہ
جنوبی پنجاب کی پروفائل بارے تربیتی کورس کے افسران کو آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے بتایا کہ تین ڈویژن اور گیارہ اضلاع پر مشتمل جنوبی پنجاب کی آبادی 3 کروڑ 70 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے، جب کہ اس کا ایریا 99 ہزار 579 مربع کلومیٹر پر محیط ہے، اس خطے میں سرکاری ایسوسی ایٹ، ڈگری اور کامرس کالجز کی تعداد 215 ہے، جب کہ 9 یونیورسٹیز اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ہائیر ایجوکیشن کی 37 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے، جن پر 1356 ملین روپے لاگت آئے گی۔
محمد الطاف بلوچ نے مڈکیرئیر منیجمنٹ کورس کے وفد کو بتایا کہ جنوبی پنجاب اولیائے کرام کے مزارات، آثار قدیمہ، فورٹ منرو اور چولستان کی بنا پر منفرد جغرافیہ پر مشتمل ایریا ہے ، اور تاریخی ورثے، کلچر اور منفرد خصوصیات کے پیش نظر یہ خطہ مستقبل میں سیاحت کا مرکز اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے یہ علاقہ تعمیر و ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔
اس موقع پر کورس کے شرکاء افسران نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سے مختلف سوالات کیے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز محمد شاہد ملک، محمد عظیم قریشی اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔