رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے، ملازم کمرے کے اندر گئے تو ڈاکٹر عامر لیاقت بیہوش تھے، ملازم نے ڈاکٹر عامرلیاقت کو اسپتال منتقل کیا ،ان کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا، جس کے باعث ممکن ہے ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی خبرکی تصدیق کی۔
ترجمان اسپتال نے بتایا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ کا تعین کیا جارہاہے اور طبی معائنہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو گذشتہ رات دل میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی ، صبح بھی تکلیف میں اضافہ ہوا لیکن وہ اسپتال نہیں گئے ، رکن قومی اسمبلی رات بھر روتے بھی رہے۔
ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے حوالے سے انکی فیملی سے بھی رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے ، دو بیوں کو چھوڑ چکے جبکہ تیسری بیوی نے خلع دائر کی ہوئی ہے تاہم عامر لیاقت کے بچوں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پہنچ گئے جبکہ کرائم سین یونٹ کی ٹیم بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پرموجود ہے۔
پولیس کی جانب ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے تفتیش جاری ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا تھا کہ ہمیں ریسکیو حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی ،عامر لیاقت کا گھر بریگیڈ تھانے کی حدود میں ہے ،ڈاکٹر رپورٹ کے بعد ہی مزید بتا سکیں گے۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا افسوسناک خبر ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کا انتقال ہوگیا ہے، ایوان کی کاروائی فوری روکنی چاہیے، جس کے بعد عامر لیاقت کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ، صدر عارف علوی ، سیاسی رہنماؤںنے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے ان کےلئے دعائے مغفرت کی۔
خیال رہے ڈاکٹرعامر لیاقت حسین 5جولائی 1971کو پیداہوئے تھے اور 2018میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔