Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

زرعی یونیورسٹی میں انتظامی بحران؛ تنخواہیں روک لی گئیں، ملازمین نے آج ہڑتال کی دھمکی دے دی

اعلیٰ اختیارات کی حامل سینڈیکیٹ کو نیچا دکھانے کے لیے گزشتہ روز کئی افسران سمیت درجنوں ملازمین کے تبادلے کر دیے گئے، سینڈیکیٹ کی تعینات کردہ رجسٹرار نے ہائیکورٹ سے سٹے لے لیا۔

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں قائم مقام وی سی کے غیر قانونی اقدامات اور ہٹ دھرمی، یونیورسٹی انتظامی طور پر مفلوج، ملازمین کی تنخواہیں روک لیں، نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔

تفصیل کے مطابق ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے قائم مقام وائس چانسلر کی مبینہ ہٹ دھرمی اور ضد کی وجہ سے پاکستان کی کی نامور جامعہ زرعیہ ملتان میں حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے، 14 دسمبر کو سینڈیکیٹ کے 42 ویں اجلاس میں گریڈ 19 کی ایڈیشنل رجسٹرار سومیہ عنبرین کو رجسٹرار کا ایڈیشنل چارج دینے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا، جسے ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے ماننے سے انکار کر دیا اور سینڈیکیٹ کے فیصلے کے خلاف ڈاکٹر محمد اشفاق کو رجسٹرار تعینات کرنے کا غیر قانونی آرڈر جاری کیا جسے یونیورسٹی افسران کی اکثریت نے مسترد کر دیا کیونکہ سینڈیکیٹ کے فیصلے کو صرف چانسلر /گورنر ہی کالعدم قرار دے سکتے ہیں۔

قائم مقام وی سی ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے انتقام اور ضد کی تمام حدیں پھلانگ کر گزشتہ روز نا صرف ڈپٹی رجسٹرار ایچ آر محمد ذاکر خان اور اسسٹنٹ رجسٹرار ایچ ار خاور علی سمیت درجنوں ملازمین کے غیر قانونی تبادلے کر دیے بلکہ ملازمین کی تنخواہیں بھی روک لیں۔

ذرائع کے مطابق سینڈیکیٹ کی تعینات کردہ رجسٹرار سومیہ عنبرین نے گزشتہ روز ہائی کورٹ ملتان بنچ سے وی سی کے تعینات کردہ غیر قانونی رجسٹرار ڈاکٹر اشفاق کے خلاف سٹے بھی لے لیا ہے جس کے بعد یونیورسٹی کے حالات مزید کشیدہ ہو گئے کیونکہ اس وقت یونیورسٹی میں وی سی کا غیر قانونی رجسٹرار ڈاکٹر اشفاق جبکہ سنڈیکیٹ کے حکم پر رجسٹرار سومیہ عنبرین ہے۔

اس صورتحال میں یونیورسٹی کے افسران کی اکثریت اور قائم مقام وی سی ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے کیونکہ گزشتہ روز قائم مقام وائس چانسلر نے انتقاماً رجسٹرار افس کے افسران سمیت درجنوں ملازمین کے تبادلے کر دیے، جس کے بعد وی سی اور تمام انتظامی افسران ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے اور آج وی سی کے خلاف شدید احتجاج کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

قانون ماہرین کے مطابق کسی بھی یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ کے فیصلے کو کوئی بھی ریگولر وائس چانسلر یا قائم مقام وائس چانسلر رد نہیں کر سکتا، صرف چانسلر / گورنر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سینڈیکیٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے سکتا ہے۔

لہٰذا ایم این ایس ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کے عارضی وی سی کے موجودہ اقدامات مکمل غیر قانونی اور اپنے اختیارات سے تجاوز ہے۔

تعلیمی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ملتان کی زرعی یونیورسٹی کو مزید تباہی سے بچایا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button