زرعی یونیورسٹی کا او جی ڈی سی ایل کے ساتھ مشترکہ پراجیکٹ کا افتتاح
ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تعاون سے دو کنال ایریا پر میواکی اربن فارسٹ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کیا، جبکہ ریجنل کوارڈینیٹر آئل اینڈ گیس ریگولیٹر اتھارٹی ملتان محمد طیب اور عبدالرحیم سوشل ویلفیئر آفیسر مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے کہا کہ موجودہ دور میں موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں (آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ) کا اس اقسام کے باہمی پروجیکٹ کی اہمیت بہت زیادہ قابل ستائش ہے اور زرعی یونیورسٹی رواں سیزن میں 10 ہزار سے زائد درخت لگائے گی۔
مزید یہ کہ یونیورسٹی تمام اداروں سے مل کر حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان کے پلانٹ فار پاکستان پروجیکٹ پر بھرپور کام کر رہی ہے۔ میواکی اربن فارسٹ میں 15 سے زائد اقسام کے 600 درخت ایک ہی دن میں لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر محمد طیب نے کہا کہ ہمارا ادارہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اس طرح کے پروجیکٹ پر کام کر رہا ہے، انہوں نے زرعی یونیورسٹی کے ساتھ مزید پروجیکٹ پر بھی کام کرنے کا اعادہ کیا۔
میواکی اربن فاریسٹ کے پرنسپل انویسٹیگیٹر ڈاکٹر مقرب علی شعبہ موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ اس پروجیکٹ میں 1680 سے زائد درخت رواں سیزن میں لگائے جائیں گے، اس پروجیکٹ کے تحت پورے ساؤتھ پنجاب میں اپنی نوعیت کا ماڈل فاریسٹ پروجیکٹ ہوگا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عمار مطلوب ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ موسمیاتی تبدیلی،ڈاکٹر وسیم حسن،ڈاکٹر عمیر ریاض،ڈاکٹر گلزار اختر،آصف محمود عارف اور طلباء و طالبات موجود تھے۔