زرعی یونیورسٹی نے مناہل شہید سکالر شپ کا اعلان کردیا

بس حادثہ کا شکار ہونیوالی محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کی طالبہ مناہل شہید کی یاد میں یونیورسٹی نے مناہل شہید سکالر شپ کا اعلان کیا ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی میں جائے حادثہ کا نام مناہل شہید کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے آج ملاقات کی اور انہیں مناہل شہید کی یاد میں اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، رجسٹرار یونیورسٹی آصف نواز بھی بریفنگ میں موجودتھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے بتایا کہ مناہل شہید کے حادثہ کی وجہ سے یونیورسٹی کا ماحول ابھی تک سوگوار ہے، انہوں نے بتایا کہ مناہل شہید سکالرشپ کی منظوری کے لئے سنڈیکیٹ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جبکہ مناہل شہید چوک کو کشادہ کیا جارہا ہے۔ وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ موٹرسائیکل پر یونیورسٹی آنیوالے سٹوڈنس کے لئے علیحدہ گیٹ اور پارکنگ مختص کردی گئی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مناہل کا واقعہ ایک حادثہ نہیں ایک سانحہ ہے اور ایسے حادثات ذہن پہ نقش چھوڑ جاتے ہیں جو کبھی نہیں بھلائے جا سکتے۔ انہوں نے کہ سکول، کالجز اور یونیورسٹی موٹر سائیکل پر جانیوالی طالبات بہت قابل فخر ہیں جو اپنی فیملی پر بوجھ نہیں بنتی اور یہ اقدام خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف پہلا قدم ہے، جس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے مناہل شہید سکالرشپ کے اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ سکالرشپ سے مناہل کے نام سے علم کی شمع ہمیشہ روشن رہے گی۔
فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے اندر قائم بس سٹاپس پر سٹوڈنٹس کے لئے شیڈ تعمیر کئے جائیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنےاداروں کے اندر ٹریفک روٹس کا از سر نو جائزہ لیں تاکہ ایسے بدقسمت حادثات کو روکا جاسکے۔