ملتان : زرعی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کا غیر قانونی نا جائز قبضہ ختم ہوگیا
سابق وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ کا وی سی ہاؤس پر غیر قانونی قبضہ ختم،یونیورسٹی انتظامیہ نے پولیس کی مدد قبضہ واگزار کروا لیا۔
تفصیل کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد آصف کو حال ہی میں وائس چانسلر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، مگر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے وی سی ہاؤس خالی کرنے میں ٹال مٹول کی۔
یونیورسٹی کے اعلیٰ انتظامی ادارے سنڈیکیٹ کی واضح ہدایات کے باوجود سابق وائس چانسلر نے ہاؤس پر قبضہ برقرار رکھا، جس پر یونیورسٹی نئی قیادت کو چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی طور پر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرنے کی کوشش کی، مگر ان کی درخواست خارج ہو گئی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے گورنر پنجاب کواپیل کی کہ وی سی ہاؤس ان سے نہ لیا جائے، لیکن گورنر پنجاب نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا۔
جس کے بعد ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے وی سی ہاؤس سے اپنا بیشتر سامان ملتان میں اپنے آبائی گھر شفٹ کردیا، تاہم ڈاکٹر رجوانہ نےتالے لگا کر وسی سی ہاؤس قبضہ برقرار رکھا، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نےکورٹ کے آرڈر پر عمل درآمد کرانے کے لیے پولیس کو بلایا، پولیس فورس پہنچی اور وی سی ہاؤس کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئی۔ قبضہ حاصل کرنے کے بعد ہاؤس کو نئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤ محمد آصف کے حوالے کر دیا۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی قانونی بنیادوں پر کی گئی، جس کوسنڈیکیٹ کی منظوری بھی حاصل تھی۔




















