جنوبی پنجاب میں ٹیکنالوجی کو عام کرنے پر اتفاق
نواز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے ملاقات، جنوبی پنجاب میں ٹیکنالوجی کو عام کرنے پر اتفاق

تفصیل کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ملاقات کی۔
وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں "انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز میں جدید تحقیق اور جدت” کے موضوع پر منعقد ہونیوالی انٹرنیشنل کانفرنس بارے بریفنگ دی اور مصنوعی ذہانت، گرین ٹیکنالوجیز اور صنعتی آٹومیشن پر خصوصی سیشن کے پس منظر بارے بتایا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کانفرنس کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ تعلیم،تحقیق اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی معاشی ترقی کا بنیادی محرک ہے اور مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور توانائی کے حل میں تحقیق صنعتوں میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔
فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت اور صنعت میں ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج کی تحقیق کل کو صنعت اور معیشت کو بنیاد فراہم کرے گی اس لئے تحقیقی کام کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد پر وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کانفرنس نئی اختراعات اور سائنسی ترقی کی راہ ہموار کرے گی۔