Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

موبائل لائبریریوں کے قیام کا منصوبہ

کتب بینی کے فروغ اور بچوں میں مطالعاتی ذوق اجاگر کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا اہم اقدام، موبائل لائبریریوں کے قیام کا منصوبہ، پہلے مرحلے میں ادارہ تعلیم و آگہی کی معاونت سے ملتان کے تعلیمی اداروں میں ‘کتاب گاڑی’ کے ذریعے طلبہ کو کتب بینی سے روشناس کرایا جائے گا۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کی سی ای او بیلا رضا جمیل نے باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے بچوں میں سیکھنے کی استعداد کو بہتر بنانے، علم کے فروغ اور طلبہ میں کتب بینی و تحریر نگاری کے ذوق کو اجاگر کرنے کے لیے موبائل لائبریریاں لانچ کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کے اشتراک سے ملتان کے تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے لیے ‘کتاب گاڑی’ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

اس حوالے سے باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی ، جس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان اور سی ای او ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان بیلا رضا جمیل نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق اور دیگر تعلیمی افسران شریک تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ ‘کتاب گاڑی’ کے ذریعے موبائل لائبریریوں کی سہولت سے طلبہ میں سیکھنے کی استعداد میں اضافہ ہو گا، یہ اقدام بچوں کے چہروں پر مسکراہٹوں اور خوشیوں کے ساتھ ساتھ علم کے فروغ اور نت نئے آئیڈیاز کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ کثیر الجہتی طریقوں سے پڑھنے، تخلیقی صلاحیتوں اور سیکھنے کو فروغ دینے کے لیے ادارہ تعلیم و آگہی ایک سماجی تحریک کے طور پر علم و آگاہی کی روشنی پھیلا رہا ہے۔

ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کی سی ای او بیلا رضا جمیل نے کہا کہ بچوں کو تفریح، تعلیم اور تربیت مہیا کرنے کے لیے محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے اشتراک سے چولستان کے دور دراز علاقوں میں موبائل سکولوں کی طرز پر موبائل لائبریریز کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تعاون سے ملتان میں پہلی مرتبہ پاکستان لرننگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ اس لرننگ فیسٹیول کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی، بچوں کےادب، داستان گوئی، رائٹنگ سکلز، پرفارمنگ آرٹس، موسمیاتی تبدیلی، موسیقی، مصوری، دستکاری، ارلی چائلڈ ایجوکیشن، طلسم ہوشربا اور دیگر موضوعات پر بیس سے زائد سیشنز کا انعقاد کیا گیا ، جس میں 4000 سے زائد بچوں، اساتذہ اور ریسورس پرسنز نے حصہ لیا۔

بیلا رضا جمیل نے کہا کہ کتب بینی کے فروغ اور کتاب کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ‘کتاب گاڑی’ مختلف سکولوں اور عوامی مقامات پر بھیجی جائے گی، جس کے تحت تعلیم و تربیت، کتب بینی، ادب کے فروغ کے حوالے سے مختلف سیشنز رکھے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button