مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی 131ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا
ایجوکیشنل اینڈ سوشل فورم کے زیر اہتمام مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی131ویں سالگرہ کا کیک ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن ملتان ڈویژن ملتان کے آفس میں کاٹا گیا۔
اس موقع پر بانی و چیئر مین پروفیسر عنایت علی قریشی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر سکینڈری ایجوکیشن ملتان ڈویژن ملتان مسرت جبیں،ایڈیشنل ڈائریکٹر (جنرل) سکینڈری ایجوکیشن ملتان ڈویژن ملتان رانی قیصرہ، کو نسلر اعجاز خان ،چیف آرگنائزر میاں وقاص فرید قریشی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سکینڈری ایجو کیشن ملتان ثقلین کریم ، انور قریشی اسسٹنٹ ڈی ڈی سکینڈری ملتان، میاں اسید ودیگر شریک تھے۔
اس موقع پر پروفیسر عنایت علی قریشی میڈم مسرت جبیں ، رانی قیصرہ ،میاں وقاص فرید قریشی نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح خواتین کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، وطن عزیز کی آبیاری کےلئے انہوں نے گراں خدمات سر انجام دیں، نوجوان نسل انکی فرمودات پر عمل پیرا ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے اپنا فرائض منصبی کو احسن طریقے سے ادا کریں انہوں نے کہاکہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح حسنِ کردار و عمل ، عزم وہمت، سیاسی سوجھ بوجھ، ایثار و قربانی اور سماجی وملی خدمات کے حوالے سے پاکستانی خواتین کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
پاکستانی خواتین کو مادرِ ملت کے نقشِ قدم پر چل کر ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا، محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی اول تا آخر ملی قربانی و ایثار کا نمونہ تھی، انہوں نے تحریکِ پاکستان کے بہت مشکل دنوں میں قائداعظمؒ کا بھر پور ساتھ دیتے ہوئے برصغیر کی خواتین میں سیاسی بیداری کی لہر پیدا کی اور اس کے علاوہ بانی پاکستان کی طویل علالت کے دوران ایک بہن کی حیثیت میں بے لوث اور پُر خلوص تیمارداری اور خدمت کر کے اُن کا حوصلہ بڑھایا۔