بی زیڈ یو اور پاک سوزوکی موٹرز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

زکریا یونیورسٹی (بی زیڈ یو) ملتان کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ اور پاک سوزوکی موٹرز کمپنی لمیٹڈ کے مابین انڈسٹری–اکیڈمیا تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔
اس اشتراک کا مقصد انجینئرنگ کے طلبہ کو عملی تربیت، اطلاقی تحقیق اور صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا ہے، یہ معاہدہ چیئرمین شعبہ مکینیکل انجینئرنگ ڈاکٹر طاہر حسن قریشی کی قیادت میں طے پایا، جنہوں نے شعبہ جاتی سطح پر صنعتی اشتراک کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
اس موقع پر انجینئر رؤف احمد نے لیبارٹری سیفٹی، آلات کے محفوظ و معیاری استعمال اور عملی سرگرمیوں کی تیاری کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا اس اشتراک کی منصوبہ بندی، رابطہ کاری اور کامیاب تکمیل میں منیجر او آر آئی سی، انجینئر ڈاکٹر اکبر علی قریشی نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی حکمتِ عملی اور ادارہ جاتی روابط کے باعث یونیورسٹی اور صنعت کے مابین مضبوط شراکت داری ممکن ہوئی۔
معاہدے کے تحت پاک سوزوکی موٹرز کی جانب سے تقریباً 550 سی سی صلاحیت کے دو آٹوموٹو انجن شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کو فراہم کیے گئے ہیں، جو لیبارٹری تجربات، عملی تربیت اور اطلاقی تحقیق میں استعمال ہوں گے۔
یہ اقدام وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال کی سرپرستی میں پایہ تکمیل کو پہنچا، جو تعلیم اور صنعت کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے کے بھرپور حامی ہیں۔
پاک سوزوکی موٹرز کی جانب سے انجینئر محمد وقاص احمد نے تکنیکی معاونت فراہم کرتے ہوئے اس اشتراک کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
فیکلٹی ارکان کے مطابق یہ معاہدہ نظری اور عملی تعلیم کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے، طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔




















