پی ایس ایل X : ڈیرہ غازی خان کے محمد شہزاد اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن کر خوش

ڈیرہ غازی خان کے 21 سالہ آل راؤنڈر محمد شہزاد کے لیے اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کررہی ہے۔
آل راؤنڈر محمد شہزاد نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ کا حصہ بن کر لطف اندوز ہو رہا ہوں، میں نے ہمیشہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو لیگ کی بہترین فرنچائز میں سے ایک کے طور پر سنا ہے اور پھر یہاں آ کر ماحول کا تجربہ کرنا بالکل ناقابل یقین تھا۔
میں اس سے پہلے کبھی ایسی ٹیم کا حصہ نہیں رہا، شاداب خان، سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان اور محمد نواز سے سیکھنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔
جیسن ہولڈر اور کالن منرو سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، خود کو ذہنی طور پر تیار کر رکھا ہے کہ سچوئیشن کے مطابق جب بھی بیٹنگ اور بولنگ کا موقع ملے میری کارکردگی ٹیم کے کام آئے۔
محمد شہزاد پی سی بی پاتھ وے کا حصہ رہے ہیں، ان کے لیے یہ ڈومیسٹک سیزن انتہائی شاندار رہا ہے۔ انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں ملتان ریجن کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 335 رنز بنائے تھے۔
محمد شہزاد نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں تین سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے706 رنز بنانے کے علاوہ 20 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔
محمد شہزاد پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر 19 ورلڈ کپ اور انڈر 19 ایشیا کپ بھی کھیل چکے ہیں۔