سکول ہاکی لیگ : تیسری پوزیشن ملتان کے نام

سکول ہاکی لیگ (سیزن-2) میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کی دوڑ میں ملتان ڈویژن نے میدان مار لیا، گرلز کیٹیگری میں ملتان مشاق جب کہ بوائز کیٹیگری میں خانیوال خطرناک کی ٹیمیں بازی لے گئیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سکول ہاکی لیگ (سیزن-2) میں تیسری پوزیشن کے لیے میچز کھیلے گئے۔
ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں ملتان مشاق اور لیہ لجپال کی گرلز ٹیموں کے مابین ہونے والا میچ صفر کے مقابلے میں دو گول سے ملتان مشاق نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے سائرہ صغیر نے دو گول کیے۔
اسی طرح ملتان مشاق اور خانیوال خطرناک کی بوائز ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے خانیوال خطرناک نے جیت لیا۔
گورنمنٹ ہائی سکول جامعہ العلوم ملتان میں ہونے والے اس میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے نورحسن، نیامت، آصف، عبدالرحمٰن اور روحان نے ایک ایک گول کیا۔
بہاول پور نواب اور بہاول نگر برق رفتار کی گرلز ٹیموں اور بہاول پور نواب اور رحیم یارخان یاران کی بوائز ٹیموں کے درمیان فائنل میچز چند روز بعد کھیلے جائیں گے۔