Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

شہر اولیاء میں پی ایس ایل 2025 کا کرکٹ میلہ سج گیا، ضلعی انتظامیہ بھی میدان میں اتر آئی

سلطانز جیت کی تلاش میں ، تیاریاں مکمل ،کنڑول روم قائم، ملتان سٹیڈیم کو سیکورٹی حصار میں لے لیا گیا

تفصیل کے مطابق ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں اپنی پہلی جیت کی منتظر ہے، وہ منگل کے روز اپنے ہوم گراؤنڈ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے مدمقابل ہوگی۔

ملتان سلطانز کے کھلاڑی ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت حاصل کرنے کے لیے پُرعزم دکھائی دیتے ہیں، ملتان سلطانز بدھ کے روز ملتان ہی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، جس کے بعد اس کے اگلے دو میچ لاہور میں اور پھر آخری تین لیگ میچ ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آخری چار فائنلز کھیلنے اور 2021 میں فاتح بننے والی ملتان سلطانز کو اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، دوسرے میچ میں اسے اسلام آباد یونائٹڈ کے خلاف 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پشاور زلمی کے خلاف تیسرے میچ میں اسے120 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان پی ایس ایل میں ابتک 19 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں ملتان سلطانز نے 10 جیتے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کو 9 میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

دونوں ٹیمیں 2022 اور 2023 کے فائنل میں بھی مدمقابل ہوچکی ہیں، 2023 کا فائنل انتہائی دلچسپ ثابت ہوا تھا جس میں لاہور قلندرز نے آخری گیند پر صرف ایک رن سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائٹڈ کے درمیان بھی مقابلے دلچسپ رہے ہیں، گزشتہ سال کا فائنل بھی انہی دونوں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں اسلام آباد یونائٹڈ نے بھی آخری گیند پر دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

کپتان محمد رضوان اس پی ایس ایل میں صاحب زادہ فرحان ( 214 ) اور جیمز ونس ( 175 ) کے بعد سب سے زیادہ 158 رنز بنانے والے بیٹر ہیں، وہ پی ایس ایل میں مجموعی رنز اور سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بیٹرز میں بابر اعظم اور فخر زمان کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم اور روٹس پر بھرپور انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری کی ہدایت پر مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے گزشتہ روز مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کرکٹ ٹیموں کے روٹس اور سیکورٹی انتظامات پر بریفننگ لی۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے روٹس پر مثالی سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ شائقین کرکٹ کو پر امن ماحول فراہم کرینگے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button