ملتان کی ٹیچر کا انداز تدریس سوشل میڈیا پر وائرل، صوبائی وزیر تعلیم نے چپ سادھ لی
سوشل میڈیا پر "ایکٹویٹی بیسڈ لرننگ” کلاس کی پرموشن نے محکمہ سکولز اور صوبائی وزیر تعلیم کو مبہوت کردیا۔
ملتان کی تحصیل صدر میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ،5ٹی نمبر 1، گھڑیالہ مرکز کی معلمہ ہما صفدر کے پڑھانے کا منفرد انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہے، ہما صفدر اپنی کلاس میں طالبات کو ‘ایکٹویٹی بیسڈ لرننگ’ کے تحت پڑھاتی ہیں، جس میں کلاس اور بورڈ کو دستی بنائے گئے دیدہ زیب فن پاروں سے سجایا جاتا اور بعد ازاں ان فن پاروں کو لیکچر میں استعمال کیا جاتا ہے، جس سے بچوں کو سبق سمجھنے میں ناصرف آسانی ہوتی ہے بلکہ وہ چیزوں کا عملی استعمال اور ان کے بنانے کا عمل بھی سیکھتے ہیں۔
سکول ٹیچرکی جانب سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کو تعلمی گروپوں میں شیئر کیا گیا، جس سے وائرل ہوگئی، یہ پوسٹ محکمہ سکولز اور صوبائی وزیر تعلیم تک جا پہنچی ، جہاں ان کو خوب سراہا گیا ۔
محکمہ سکولز نے "شاندار پرفارمنس” کے الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ،اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "شاندار کام” اور محکمہ سکولز کو وزارت سے رابطہ کی ہدایت کرتے ہوئے خصوصی انعام کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے پزیرائی پر خاتون ٹیچر نے کہاکہ "یہ میرے بہت اعزاز کی بات ہے کہ میرے کام کو سراہا ہے، ایک استاد اپنی محنت کے بدلے میں صرف عزت چاہتا ہےش اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے ٹیچر کمیونٹی محنت اور لگن سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم سے اپیل ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکولز کو نجکاری والی فہرست سے نکالا جائے، اور ان کو مزید سٹاف اور وسائل دیے جائیں تاکہ وہ مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں”۔
خاتون استاد کی درخواست پر محکمہ سکول اور صوبائی وزیر کی جانب سے کسی قسم کا جواب نہیں دیا گیا اور خاموش ہوگئے ۔
یاد رہے مذکورہ سکول بھی نجکاری کےلئے پیش کیے جانے والے سکولز میں شامل ہے،جہاں صرف 2 خاتون استاد موجود ہیں، معلمہ ہما صفدر کلاس ٹیچر اور سکول سربراہ کی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔