ملٹی گریڈ طریقہ تدریس کے ذریعے جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے : سیکرٹری سکولز

سپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر نے کہا ہے کہ ملٹی گریڈ طریقہ تدریس کے ذریعے جنوبی پنجاب کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وہ گزشتہ روز ملتان کے مقامی ہوٹل میں ملٹی گریڈ ٹیچنگ سیمنار کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
سمینار کا انعقاد یو کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ اور انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ پالیسی سائنس کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں سابق سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار شاہین، عمر مختار اور محمد بلال سمیت مختلف سکولوں کے اساتذہ، ہیڈ ٹیچرز اور اے ای اوز کی کثیر تعداد شریک تھی۔
سپیشل سیکرٹری اسکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے زیادہ تر سکولوں میں سہولیات کم ہیں وہاں ملٹی گریڈ طریقہ تدریس کے ذریعے سکولوں میں داخل ہونے سے رہ جانے والے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے تعلیمی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقہ تدریس کے تحت مختلف عمروں اور تعلیمی قابلیتوں کے بچے ایک ساتھ سیکھتے ہیں، اکثر مشترکہ مواد اور سرگرمیاں استعمال کرتے ہیں۔ یہ طریقہ کار وسائل کی کمی کے باوجود تعلیم جاری رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
سمینار سے خطاب میں عبد الجبار شاہین اور دیگر مقررین نے ملٹی گریڈ ٹیچنگ کو جنوبی پنجاب کے لیے مفید اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملٹی گریڈ ٹیچنگ کے ماڈیولز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے اساتذہ کے تدریسی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔
سمینار میں اساتذہ نے پہلی ٹریننگ کے تجربات بیان کیے اور اسے نظام تعلیم کے لیے بہت مفید قرار دیا۔