محنت کش یونین سی بی اے، ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل ایمپلائیز ویلفیئر یونین کا احتجاج کا اعلان

محنت کش یونین سی بی اے، ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل ایمپلائیز ویلفیئر یونین نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو جائز حقوق سے محروم کرنے اور ان کے مسائل کے حل میں بے حسی برتنے پر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے اور انتظامیہ کو انتباہ کیا ہے کہ تین روز کے اندر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو بدھ کے روز سے شہر بھر میں صفائی کا کام مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا اور خیام سینما ورکشاپ کے سامنے روڈ بلاک کر کے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
جس کی تمام تر ذمہ داری ضلعی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ پر عائد ہوگی، اس کا اعلان دونوں یونینوں کے مشترکہ ہنگامی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کی صدارت صدر محنت کش یونین سی بی اے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی چوہدری جواد حسین اور میونسپل ایمپلائز ویلفیر یونین کے صدر اللہ دتہ لاہوری کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر محنت کش یونین سی بی اے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی چوہدری جواد حسین ، جنرل سیکرٹری ملک حماد اصغر ڈوگر میونسپل ایمپلائز ویلفیر یونین کے صدر اللہ دتہ لاہوری اور جنرل سیکرٹری رضوان بھٹہ،ملک منیر ہانس نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی جبری غیر حاضریاں لگا کر ان کی تنخواہوں سے کٹوتیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ عرصہ دراز سے واجبات اور دیگر حقوق کی ادائیگی نہیں کی جا رہی، پرانے اور تجربہ کار ورکرز کو بلاجواز بر طرف کیا جا رہا ہے، اور ان کی جگہ مبینہ طور پر رشوت کے عوض نئی بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔
سینیٹری ورکرز، ڈرائیورز، نائب قاصد، اور دیگر ملازمین جنہیں کنٹریکٹ یا ڈیلی ویجز پر رکھا گیا ہے، کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، کنٹریکٹ، اور ریگولر ملازمین کو بھی ان کے جائز مالی حقوق ادا نہیں کیے جا رہے، ڈیلی ویجز ملازمین کو حکومتی مقرر کردہ کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے بھی نہیں دی جارہی ، جس کی وجہ سے وہ سخت معاشی پریشانی کا شکار ہیں۔
ملازمین کی محکمانہ ترقیوں کے معاملات عرصہ دراز سے التوا کا شکار ہیں سکیل اپ گریڈیشن بھی نہیں ہو رہی سینیٹری ورکرز کو ان کے تحفظ کے لیے ضروری سامان بوٹ اور یونیفارم تک مہیا نہیں کیے جا رہے اس کے ساتھ ساتھ ورکرز کو میڈیکل سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے سینیٹری ورکرز مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرز کے دور دراز تبادلے کر دئیے گئے ہیں ان کو متعلقہ یونین کونسلوں میں تبدیل کیا جائے ، ان مسائل کے حوالے متعدد بار حکام سے ملاقاتیں کیں ، مسائل کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا ، مگر اس معاملہ پر توجہ نہیں دی گئی ، جس کی وجہ سے مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کیا جارہا ہے۔
اجلاس میں دونوں یونینز کے عہدے داروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ورکرز کے حقوق کے لئے مل کر جدوجہد کی جائے گی ۔ اجلاس میں ملک فرید ڈیرے وال ، ملک منظور حسین ،غلام رضا ، غلام کاظم ،حاجی عثمان بھٹہ ، جعفر خان بلوچ ، محمد ریاض ، محمد عامر سجاد غلام مصطفی ، محمد ساجد کالو ، محمد اصف ، زاہد مسعود ، ملک اللہ رکھا ، محمد حنیف ، شکیل ارائیں ظفر علی ,محمد جاوید، محمد یونس , چاند رام ,سکینہ مائی سمیت درجنوں عہدے داروں و ملازمین نے شرکت کی۔