نقیب اللہ کی بازیابی کا آپریشن کامیاب تین اغواء کار گرفتار

اڑھائی سالہ معصوم بچے نقیب اللہ کی بازیابی کا آپریشن کامیاب، تین اغواء کار گرفتار کر لئے گئے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
خرم شہزاد حیدر نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے بچہ کو گھر کے قریب سے 10 جنوری کی شام اغوا کیا، تو اہل خانہ کی 15 کال پر تھانہ دہلی گیٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف علاقہ بلکہ پورے ملتان ریجن کی ناکہ بندی کو یقینی بنایا بلکہ پولیس نے علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری رکھی ۔
پولیس نے ملزمان کے خاکے بھی جاری کئے اور گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا اور بالآخر پولیس کو ملزمان کی پہچان میں مدد مل گئی۔
جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹیج اداکارہ آئمہ خان کے گھر سے بچے نقیب اللہ کو بازیاب کرالیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔
ملزمان میں ائمہ خان کا شوہر مدثر اور دیور مظفر شامل ہیں۔
پولیس کو اسی دوران اوکاڑہ میں بھی موٹر سائیکل سواروں کی طرف سے کسی بچے کے اغوا کی اطلاع تو ملی تو اوکاڑہ پولیس سے بھی رابطہ کرکے دونوں واقعات میں کسی قسم کی مماثلت بارے بھی غور وفکر کیا تاہم تفتیش کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ کی بازیابی میں ایس ایس پی انویسٹیگیشن عامر نیازی اور ایس پی سٹی راؤ نعیم سمیت ایس ایچ او اور دیگر ٹیم ممبران نے دن رات محنت کی، اور تمام تر پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کیا جس کا ثمر 30 گھنٹوں میں بچے کی بازیابی اور ملزمان آئمہ خان، مدثر اور مظفر کی گرفتاری کی صورت میں ملا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی کاوش سے ماں کی ممتا کو جو سکون میسر آیا وہ ناقابل بیان ہے۔
سی پی او نے اپنی ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا بچے کے اغواء کا مقدمہ نمبر 06/22 بجرم 363 تھانہ دہلی گیٹ درج کیا گیا تھا، اس آپریشن میں ڈی ایس پی دہلی گیٹ ضیاء اللہ، ایس ایچ او دہلی گیٹ انسپکٹر خالد امین، انچارج جے ٹی ٹی انسپکٹر خرم خان، ایلیٹ انچارج سب انسپکٹر محمد سعید، انچارج سی آئی اے سب انسپکٹر محمد شمعون، سی آر او انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید اقبال انصاری،انچارج آئی ٹی سی آئی اے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد رمضان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہد اقبال، محمد ساجد اور سٹی ڈویژن کے تمام تھانوں سمیت پولیس کے دیگر ملازمان نے حصہ لیا۔














