قومی سمپوزیم برائے قانون کی تعلیم: چیلنجز، جدت اور مستقبل کے امکانات
گیلانی لاء کالج، بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گزشتہ روز ایک روزہ "قومی سمپوزیم برائے قانون کی تعلیم: چیلنجز، جدت اور مستقبل کے امکانات” کا انعقاد کیا گیا، اس اہم تقریب میں ملک کے نامور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔
اس سمپوزیم کی میزبان پرنسپل گیلانی لاء کالج ڈاکٹر سمزہ فاطمہ تھیں جبکہ صدارت کے فرائض جسٹس (ر) سردار احمد نعیم، ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نے سر انجام دیئے۔ اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سردار اکرم خان تھے۔
سمپوزیم میں پاکستان میں قانون کی تعلیم کو درپیش چیلنجز، جدید رجحانات اور مستقبل کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، تقریب میں چاروں صوبوں سے آئے ہوئے ماہرین تعلیم برائے قانون اور سینیئر قانون دانوں نے شرکت کی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قانونی تعلیم میں جدت اور اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ معاشرتی اور قانونی نظام کو مضبوط بنیاد فراہم کی جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ علم اور تعلیم کے ذریعے سے معاشرے میں قانون کی بالادستی قائم کرنے میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
مزید براں شرکاء نے جوش و جذبے کے ساتھ قانونی مسائل کے حل کے لیئے مثبت تجاویز پیش کیں جنھیں مناسب پلیٹ فارم پر پیش کرنے کے کیلئے قلم بند کر لیا گیا۔