Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

این سی او سی نے بارہ سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کے لیے بارہ سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

لیگ کا دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ این سی او سی نے 10 سے 15 فروری تک 50 فیصد جبکہ 16 سے 27 فروری تک کھیلے جانے والے میچز کے لیے 100 فیصد تماشائیوں کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے ڈائریکٹر سلمان نصیر کا کہناہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ کی درخواست پر این سی اوسی کی جانب سے بارہ سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر این سی او سی کے مشکور ہیں۔

لیگ کے فائنل سمیت آخری 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے اس فیصلے سے بچے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا رخ کریں گے، جس سے ان میں کرکٹ کا شوق مزید بڑھے گا۔

سلمان نصیر نے کہا کہ تما شائیوں کی تعداد میں 50 سے 100 فیصد اضافہ بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے کیونکہ کسی بھی کھیل کی حقیقی روح اس کے مداح ہی ہوتے ہیں۔

ڈائریکٹر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 نے کہا کہ تماشائیوں کی بڑی تعداد میں قذافی اسٹیڈیم میں حاضری اس قوم کی کھیل سے محبت اور لگن کا عملی نمونہ ہوگی، تاہم اس دوران پی سی بی شائقین کرکٹ کو درخواست کرتا ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے بنائے گئے پروٹوکولز پر مکمل عمل کریں اور اپنی کوویڈ 19 ویکسینیشن مکمل کروائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم بھی آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان پہنچنے والی ہے، جہاں اسے تین ٹیسٹ، تین ون ڈےانٹر نیشنل اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے، پی سی بی پر امید ہے کہ این سی او سی اس سیریز کے لیے بھی کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں شائقین کرکٹ کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button