Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
مہمان ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل دوطرفہ سیریز میں شرکت کے لیے 11 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔
فیصلے کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے لیے کُل 4500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے کُل 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
سیریز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 17, 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 25، 26 اور 29 ستمبر، یکم اور تین اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
صرف کوویڈ 19 ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔اب جبکہ این سی او سی نے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تو پی سی بی اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان بھی جلد کردے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے، ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی۔
اس پس منظر میں ہمیں خوشی ہے کہ این سی او سی نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز کے آٹھ میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔
انہیں خوشی ہے کہ اب کرکٹ فینز دونوں ٹیموں کو 18 سال بعد پاکستان میں مدمقابل دیکھنے کے لیے کوویڈ 19 ویکسنیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی کے اس فیصلے سے تماشائیوں کو اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جہاں وہ اپنی پسندیدہ ٹیم کو اسپورٹ کرسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں سیریز میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا، جہاں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد قومی اسکواڈ 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کردے گا۔
پی سی بی نے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ لانے کی اجازت دے دی ہے۔
سیریز میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا ٹاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔ میچ کی پہلی اننگز دوپہر 2:30 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ میچ کی دوسری اننگز شام 6:30 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔
سیریز میں شامل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کا ٹاس شام 6:30 بجے ہوگا۔ میچ کی پہلی اننگز رات 7 سے رات 8:25 بجے تک جاری رہے گی۔ میچ کی دوسری اننگز رات 8:45 بجے سے لے کر رات 10:10 بجے تک جاری رہے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button