مذاکرات ناکام ، زرعی یونیورسٹی کے ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال

ایم این ایس ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کے انتظامی دفاتر کے تمام ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال، وی سی سے مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے، شدید احتجاج پر تنخواہیں جاری کرنے کا فیصلہ، آج پھر صبح 10 بجے مکمل ہڑتال ہوگی۔
تفصیل کے مطابق محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے انتظامی دفاتر کے تمام ملازمین کا گذشہ روز ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تمام ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئر پرسنز کے علاوہ ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تمام حاضرین کی جانب سے یونیورسٹی کے انتظامی اور دیگر امور میں عارضی وائس چانسلر کی ذاتی اور غیر قانونی مداخلت کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
مزید برآں رجسٹرار آفس کے تمام ملازمین جس میں آفیسرز بھی شامل تھے کے بلا جواز ذاتی عناد کی بنیاد پر تبادلے اور دیگر غیر متعلقہ دفاتر میں اپنے اور اسسٹنٹ کے ذریعے سے جاری کیے گئے جس کی تمام یونیورسٹی ملازمین نے سخت مذمت کی اور کہا کہ فی الفور ان تبادلہ جات کو واپس لیا جائے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر ایکٹنگ وائس چانسلر نے سینڈیکیٹ جو کہ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو باڈی ہے کے احکامات نہ مانے اور غیر ضروری تبادلہ جات منسوخ نہ کیے تو تمام ملازمین کی ہڑتال جاری رہے گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری قائم مقام وائس چانسلر پر عائد ہوگی۔
شدید احتجاج کے بعد وی سی نے ملازمین کی تنخواہیں جاری نہ کرنے کا حکم واپس لے اب تنخواہیں جاری کرنے کا نیا آرڈر جاری کر دیا ہے جو آج یکم جنوری کو ریلیز ہو جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق قلم چھوڑ ہڑتال آج بھی جاری رہے گی، تعلیمی اور سماجی حلقوں میں جامعہ زرعیہ ملتان کی موجودہ دگرگوں صورتحال پر گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ حکام بالا سے اپیل کی جاتی ہے کہ یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔