شدید گرمی کی لہر؛ انٹرمیڈیٹ کے امتحانی سینٹرز کے لئے نئے ایس او پیز جاری

تعلیمی بورڈ ملتان نے شدید گرمی کی وجہ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانی سنٹروں میں امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی کےلئے نئے ایس او پیز جاری کردئیے ہیں۔
جاری مراسلے میں کہا گیا ہےکہ اگر کمروں میں گرمی یا حبس زیادہ ہو یا بجلی چلی جائے تو اُمیدواران کو ہوا دار گیلری میں بٹھا لیا جائے، کوشش کی جائے کہ نقل نہ ہو باقی اُمیدواران کو اپنے بیٹے بیٹیاں سمجھیں۔
ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں، اضافی پیڈسٹل فینز کا اہتمام کیجئے تاکہ ساز گار امتحانی ماحول فراہم کیا جا سکے، اگر فرنیچر ٹھیک نہ ہو تو شفاف کلپ بورڈ کی اجازت دیں، لیفٹ ہینڈز امیدواروں کو کلپ بورڈ کی اجازت ہے۔
اُمیدواران کے درمیان مناسب وقفہ ہو تاکہ نقل نہ کریں، پیپر نہ چھینیں بلکہ اس کو وارننگ دے دیں، غلط گروپ یا سینٹر یا تاخیر سے آنے والے امیدوار کو آدھے گھنٹے سے زیادہ نہ بٹھائیں، 30 منٹ سے زیادہ ہرگز نہ بٹھائیں اپنی اور اُمیدواران کی صحت کا خیال رکھیں۔
کسی بھی صوتحال میں 1122کو کال کریں، موسمی سختی اور انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات سر انجام دیں ۔