سٹوڈنٹ کونسلوں کے نوء منتخب صدور کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

سیکریٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ کامیاب طالب علم اندھیرے میں روشنی کی کرن تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سٹوڈنٹ کونسلوں کے نومنتخب عہدے داران کی ٹریننگ کا مقصد طلبہ میں لیڈر شپ سکلز پیدا کرنا ہے۔
وہ سرکاری سکولوں میں قائم سٹوڈنٹ کونسلوں کے نومنتخب صدور کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی(سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) جنوبی پنجاب پرویز اقبال، ڈائریکٹر ایجوکیشن ملتان ڈویژن شوکت شیروانی اور سی ای او ایجوکیشن ملتان شمشیر احمد خان سمیت تعلیمی افسران، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ لیڈر شپ ایک مشن کا نام ہے، جس انسان کا زندگی میں کوئی مثبت مشن نہیں وہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں گزشتہ ماہ سٹوڈنٹ کونسلوں کے انتخابات کرائے گئے تھے، سٹوڈنٹ کونسلوں کے نومنتخب صدور کی ٹریننگ کا مقصد ان میں لیڈرشپ سکلز پیدا کرنا، نظم و ضبط کا حصول، اعلیٰ معیار کے اہداف اور تعلیمی کارکردگی کو پرکھنے سمیت دیگر معاملات پر آگہی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں کے بوائز ایلیمنٹری و سکینڈری سکولوں کے 60 نوء منتخب صدور کو ٹریننگ دی جائے گی، جب کہ گرلز ایلیمنٹری و سکینڈری سکولوں کی سٹوڈنٹ کونسلوں کی نوء منتخب صدور کی ٹریننگ کا آغاز 30 ستمبر کو ہو گا ، جو 2 اکتوبر تک جاری رہے گی۔