این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کی سینڈیکیٹ کا اجلاس، بڑے فیصلے
این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں سینڈیکیٹ کے 42 ویں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ملک اختر علی کالرو نے کی۔
اجلاس میں رجسٹرار انجینئر نصر اللہ خان بابر، کنٹرولر امتحانات انجینئر رسول احمد، خزانہ دار مغفور انور چغتائی اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے ہیڈز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وائس چانسلر کے بھانجے ملک معظم علی کالرو جوائنٹ سیکرٹری نیشنل اسمبلی کی اچانک وفات پر غم کا اظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے 14 ویں اجلاس کے منٹس آف میٹنگ کی توثیق اور منظوری دی گئی، ڈاکٹر سید ناصر مہدی گردیزی کو پی ایچ ڈی الاؤنس جاری کرنے کی مشروط سفارش کی گئی کہ اسے پہلے ادارہ کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔
اکاؤنٹس ایگزیکٹیو محمد مغفور انور کو بطور خزانہ دار تفویض کردہ اضافی ذمہ داری کی توسیع کی بھی توثیق کی گئی۔ دو خواتین سٹاف کو زچگی کے دوران چھٹیاں دینے کی منظوری دی گئی۔
این ایف سی آئی ای ٹی ویلفیئر ٹرسٹ کے ذریعے تک افرادی قوت کی تقرری کی توثیق اور آئی ای ٹی ویلفیئر ٹرسٹ کے ذریعے تقرر کردہ فیکلٹی ممبران/ایگزیکٹو/نان ایگزیکٹو سٹاف کے معاہدے کی مدت کو بڑھانے کی توثیق کی گئی۔
ایک جونیئر کلرک کی جانب سے عہدہ کی تبدیلی اور تنخواہ میں اضافے کی درخواست پر غور کیا گیا اور معاملہ کو ادارہ کی ریشنلائزیشن کمیٹی کے رائے کے لیے بھیج دیا گیا۔
حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق خواتین کی 33 فیصد نمائندگی کو یقینی بنانے کیلئے سینٹ کیلئے چار co-opted خواتین اراکین کی تقرری کی منظوری دی گئی۔
این ایف سی آئی ای ٹی ملتان کے وائس چانسلر، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات اور خزانہ دار کی تقرری کیلئے اشتہار کی توثیق کی گئی۔
NFC-IET ملتان کے ایکٹ 2012 کے سیکشن 17 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سینٹ ممبران کی غیر قانونی تقرریوں کے خلاف سنڈیکیٹ ممبران کی طرف سے ناگواری کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں عیدالاضحیٰ 2024 کے موقع پر عید بونس کی ادائیگی کی توثیق کی گئی۔
دریں اثناء کیمیکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر انجینئر مجتبیٰ اشرف کے کڈنی ٹرانسپلانٹ پر آنے والے اخراجات کی مشروط منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ پہلے ادارہ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی سے منظوری لی جائے۔
ادارہ کے دو طلباء کی سمر کلاس فیس کی معافی کی درخواست پر غور کیا گیا اور ان کی درخواست کو مسترد کر دیا گیا کیونکہ ادارہ ہذا میں فیس معافی کی کوئی پالیسی موجود نہ ہے۔
جونیئر سکیورٹی اسسٹنٹ نصیر احمد کو سوموار بتاریخ 19۔08۔2024 سے ڈیوٹی جوائن کرنے کی اجازت دی گئی اور ان کی غیر حاضری والے عرصہ کی انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی، آخر میں سنڈیکیٹ ممبران نے حالیہ داخلہ مہم کی کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ملک اختر علی کالرو کو مبارکباد پیش کی اور داخلہ کمیٹی خاص طور پر ہیڈ کیمیکل انجینئرنگ اور ہیڈ الیکٹریکل انجینئرنگ کی کاوشوں کو سراہا، کیونکہ ان ڈیپارٹمنٹس کے داخلوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بار کونسل کی طرف سے وفد نے ادارہ کا دورہ کیا، جس میں پاکستان بار کونسل کی ایکریڈیشن کمیٹی کی چیئرمین اور سیکرٹری شامل تھے۔
وفد نے ادارہ میں موجود لاء کالج سے وابستہ سہولیات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا، وفد نے اپنی چند سفارشات سے آگاہ کیا جو کہ ادارہ نے یقین دہانی کرائی کہ جلد از جلد ان کو پورا کیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان بار کونسل ادارہ ہذا کو این او سی جاری کر دے گا اور ایل ایل بی میں داخلوں کا مرحلہ شروع کیا جائیگا۔