سکولوں میں سازگار ماحول کے بغیر تعلیمی ترقی ممکن نہیں:سی ای او ایجوکیشن ملتان
![](https://dreporters.com/wp-content/uploads/2025/01/IMG_20250109_232048-780x470.jpg)
سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا ہے کہ سکولوں میں سازگار ماحول کے بغیر تعلیمی ترقی ممکن نہیں، لہذا سرکاری سکولوں میں چائلڈ فرینڈلی ایجوکیشن سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور معیار تعلیم میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پرائمری سکول بلی والا مرکز لاڑ تحصیل صدر ملتان میں 2 اضافی کلاس رومز کے افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز سرفراز احمد ملک، ڈپٹی ڈی ای او تحصیل صدر ملتان ڈاکٹر فاروق اکبر خان لغاری، ڈپٹی ڈی ای او میاں خالد عالم ایجوکیشن آفیسر میاں منیر احمد، معروف ماہر تعلیم و سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد، اے ای او مرکز لاڑ چوہدری محمد نعیم، سینیئر ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول چک 14 ظفر خان بابر، سابق پرنسپل رانا جاوید مصطفی، ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول خان پور مڑل علی احمد قریشی، ہیڈ ماسٹر سکول ہذا و میزبان رائے خالد محمود، مظہر عباس بھٹہ، عبدالقادر، ملک اجمل ارائیں، محمد اکرم گجر، شبیر وٹو سمیت دیگر موجود تھے۔
مہمان خصوصی سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے مزید کہا کہ ضلع ملتان میں ای مانیٹرنگ کے تحت چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اساتذہ کی حاضری، تدریسی عمل، صفائی ستھرائی اور سکولوں کے نظم و نسق کا ویڈیو لنک کے ذریعے جائزہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولز کسی بھی لحاظ سے پرائیویٹ سکولوں سے کم نہیں۔ بہترین انفراسٹرکچر، اعلی تعلیم یافتہ اساتذہ، بچوں کے لیے پرکشش تعلیمی ماحول کی بدولت سرکاری سکولوں کا معیار بہتر ہوا ہے۔ نئی تعلیمی اصلاحات معیار تعلیم میں بہتری اور شرح خواندگی میں اضافہ کے لیے خوش آہند ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن پلانٹ فار پاکستان کے سلسلے میں مہمان خصوصی ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ، سرفراز احمد ملک، ڈاکٹر فاروق اکبر، میاں نعیم ارشد، میاں خالد عالم، میاں منیر احمد اور رانا جاوید مصطفی نے سکول میں پودے بھی لگائے۔
اس موقع پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس سے قبل سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ دیگر مہمانوں کے ہمراہ سکول ہذا پہنچے تو اے ای او چوہدری محمد نعیم اور ہیڈ ماسٹر رائے خالد محمود نے شاندار استقبال کیا۔ پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کیے۔
سی ای او ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے ہیڈ ماسٹر رائے خالد محمود کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔