ویمن یونیورسٹی ملتان : نئی آنے والی طالبات کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام
ترجمان کے مطابق استقبالیہ تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر خوش آمدید کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کیونکہ یونیورسٹی میں داخل ہونے والی طالبات اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان تعلیمی میدان میں دیگر ممالک کی نسبت بہت پیچھے ہے اور صرف چند فیصد ایسے طلبا و طالبات ہیں جو یونیورسٹی سطح پر زیور تعلیم سے آراستہ ہونے کیلئے پہنچ پاتے ہیں اور انہی میں آپ شامل ہیں۔
والدین اپنے اولاد کیلئے بہت قربانیاں دیتے ہیں اور اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلوانے کیلئے انہیں مالی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، آپ نے اپنے والدین کو مایوس نہیں کرنا اور معیاری تعلیم حاصل کرکے انہیں خوشیاں دینی ہیں ، کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔
یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ آپ کو معیاری تعلیم فراہم کریں ہم تعلیمی میدان میں اپنی طالبات کی بھرپور معاونت کرتے ہیں اور اگر کسی کو حصول تعلیم کی راہ میں کوئی رکاوٹ درپیش ہو تو اسے حل کرتے ہیں، طالبات سخت محنت کریں ،نظم و ضبط کو اپنائیں اور نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔
رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی یونیورسٹی کا طرہ امتیاز ہے اورطالبات کو یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
طالبات اپنی توجہ حصول علم پر مرکوز کرکے معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے طالبات کو یونیورسٹی کے شعبہ جات ، سکالر شپ، سمسٹر کے قواعد وضوابط، ہوسٹلز ، سپورٹس سمیت دیگر سہولیات کے بار ے میں آگاہ کیا۔
ڈاکٹر عدیلہ سعیدنے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ یونیورسٹی لیول پر تعلیم حاصل کریں گے، تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلوں میں بھی بھرپور حصہ لیں اور ٹائم مینجمنٹ اور مطالعہ کی عادت کو اپنائیں۔
تقریب میں تمام شعبوں کی چیئرپرسنز اور ایڈمنسٹریشن کے اہم افسروں نے بھی شرکت کی ۔