پاکستان نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز 313 رنز بنالیے، رضوان اور آغا سلمان کی شاندار شراکت

لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنالیے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، تاہم عبداللہ شفیق صرف 2 رنز پر کگیسو ربادا کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 161 رنز کی شراکت قائم کی۔
شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، جبکہ امام الحق 93 رنز کی اننگز کھیل کر سنچری سے محروم رہ گئے۔ سعود شکیل پہلی ہی گیند پر کیچ دے بیٹھے اور بابر اعظم بھی صرف 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
محمد رضوان اور آغا سلمان نے چھٹی وکٹ کے لیے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک ٹیم کو مزید نقصان سے بچایا۔ دونوں بلے باز بالترتیب 62 اور 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، اور ان کے درمیان 114 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2 جبکہ ربادا، پرینیلان سبرائین اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور میں جاری ہے، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔




















