پاکستان بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا چیمپئن بن گیا
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گئی ۔
پاکستان ٹیم نے فائنل میچ میں انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بنگلہ دیش کی ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے ہرا دیا، پاکستانی ٹیم نے پورے ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے پہلی بار ٹی 20 بلائنذ کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
منگل کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 140 رنز کا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، بنگلہ دیش کی جانب سے عارف حسین نے 52 گیندوں پر 54 اور محمد سلمان نے 35 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔
پاکستان کے بابر علی نے اپنے 4 اوورز میں 24 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
جواب میں پاکستان ٹیم نے بلے بازوں کی شاندار بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے10.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کے کپتان نثار علی نے 72 اور محمد صفدر نے 47 رنز سکور کئے۔
تقسیم انعامات کے موقع پر ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے ڈبلیو بی سی سی کے ڈائریکٹر گلوبل ڈویلپمنٹ ریمنڈ موکسلے کے ہمراہ پاکستان کے کپتان نثار علی کو وننگ ٹرافی اور 10 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا۔
بنگلہ دیش کے کپتان عارف اللہ نے رنرز اپ ٹرافی اور 5 لاکھ روپے کا چیک وصول کیا۔
نثار علی فائنل کے مین آف دی میچ اور بنگلہ دیش کے عارف حسین ایمرجنگ پلیئر قرار پائے۔
ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ میں بی ون کیٹیگری میں بیسٹ پلیئر بنگلہ دیش کے عظمت حسین، بی ٹو کیٹیگری میں پاکستان کے نعمت اللہ اور بی تھری کیٹیگری میں دمت سندرووان قرار پائے۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے قومی ٹیم اور قوم کو ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔