Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

بچوں کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے میگزین کا اجراء

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی طرف سے بچوں کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے میگزین کا اجراء کر دیا گیا، گیارہ اضلاع کے سرکاری سکولوں میں جماعت ششم کے طلباء و طالبات کو یہ رسالہ مفت فراہم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے بچوں کے لیے ایک میگزین ‘روشنی’ کا اجراء کیا ہے۔

روشنی کاپاکستان میں بچوں کے لیے اردو کے پہلے آن لائن میگزین کے طور پر گزشتہ سال ستمبر میں آغاز کیا گیا تھا، اور وقت گزرنے کے ساتھ اب اس نے طباعتی شکل اختیار کی ہے۔

تقریباً پچاس ہزار کاپیاں شائع ہونے کے ساتھ یہ میگزین اپنی اشاعت کے پہلے دن سے ہی پاکستان میں بچوں کا سب سے بڑا میگزین بن گیا ہے۔

یہ میگزین جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت کے طلباء و طالبات کو مفت فراہم کیاجائے گا۔ جب کہ یہ ملک بھر کے معروف بک اسٹورز پر خریداری کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

‘روشنی’ میگزین کو سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، جنوبی پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے ایک بڑے پراجیکٹ ‘فروغ’ کے ایک حصے کے طور پر شروع کیا گیا ہے ، جس کا مقصد نوجوان نسل میں کتب بینی اور تحریر نگاری کی دم توڑتی روایات کو زندہ کرنا اور اسے فروغ دینا ہے۔

یہ میگزین بنیادی طور پر جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں کے طلبہ کے تعاون اور ان کی نگارشات سے تیار کیا گیا ہے۔ میگزین کا پہلا شمارہ شہید
حکیم محمد سعید سے منسوب کیا گیا ہے، جنہیں بچوں کے ادب میں گراں قدر خدمات پر محسن اطفال کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اور جنوری میں ان کا یوم ولادت سرکاری طور پر بچوں کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

شہید حکیم محمد سعید کی صاحب زادی سعدیہ راشد کا خصوصی پیغام بھی میگزین میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ‘روشنی’ میگزین کو نہ صرف بچوں کا سب سے بڑا میگزین ہونے کا اعزاز حاصل ہے بلکہ یہ سب سے زیادہ رنگین میگزین بھی ہے ،کیوں کہ اس پورے میگزین کو دیدہ زیب رنگوں اور خوب صورت تصویروں سے مزین کیا گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button