دو روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول کا آج سے آغاز

"سیکھو سکھاؤ پاکستان” محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب اور ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان کے اشتراک سے دو روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول کا انعقاد آج (جمعہ) سے ملتان میں ہو رہا ہے۔
کتب بینی کے فروغ اور کتاب کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ‘کتاب گاڑی’ کی رونمائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان اور دیگر سرکاری و سماجی اداروں کے اشتراک سے ملتان میں اپنی نوعیت کے پہلے پاکستان لرننگ فیسٹیول کا انعقاد آج ہو رہا ہے۔
لرننگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب آج (28 اپریل 2023ء) صبح 9 بجے گورنمنٹ مسلم بوائز ہائی سکول ملتان میں منعقد ہو گی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹریز سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب، کمشنر ملتان ڈویژن، کمشنر بہاول پور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر ملتان اور گروپ ڈائریکٹر بنک آف پنجاب اور چیئرپرسن ادارہ تعلیم و آگہی پاکستان بیلا رضا جمیل مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے۔
فیسٹیول کے دوسرے روز کی تقریبات ہفتہ (29 اپریل 2023ء) کو گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول، گلگشت، ملتان میں منعقد کی جائیں گی۔
فیسٹیول میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، سپیشل ایجوکیشن کے طلباء و طالبات، اساتذہ، سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری اداروں سے وابستہ شخصیات، دانش ور، ادیب شرکت کریں گے۔
فیسٹیول میں تعلیم و تربیت، کتب بینی، ادب کے فروغ کے حوالے سے مختلف سیشنز رکھے جائیں گے۔