Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی نتائج، پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا

سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا۔

اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے میونسپل کمیٹی کی 137 نشستیں جیت لی ہیں۔

جی ڈی اے 14 نشستوں پرکام یاب ہوئی ہے جب کہ 12 آزاد امیدوار جیت سکے ہیں، پی ٹی آئی نے 6 اور جے یو آئی نے 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔

ٹاؤن کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی 230 نشستوں کے ساتھ دیگر جماعتوں سے کافی آگے ہے، جی ڈی اے کے 34 امیدوار اور 27 آزاد امیدوار کام یاب ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے7، جے یو آئی کے 3 اور دیگر جماعتوں کے 7 امیدوار کام یاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ اتوار کو سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخاب ہوئے، اس دوران دن بھر کہیں گولیاں، کہیں لاٹھیاں چلیں ، کہیں پورا عملہ ہی اغوا کرلیا گیا۔

بلدیاتی انتخاب کے دوران سانگھڑ، نوشہروفیروز، خیرپور، جیکب آباد، سکھر اورکندھ کوٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گئے ، سیاسی جماعتوں کےکارکنوں اور مخالف گروہوں میں مارا ماری ہوئی ، پرتشدد واقعات میں دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

خراب حالات کے باعث کئی مقامات پر پولنگ روکنا پڑی، کندھ کوٹ کے ایک پولنگ اسٹیشن کے عملے کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا ، سات گھنٹے بعد عملہ بازیاب کرایا گیا تو پولنگ شروع ہوئی تاہم بعد میں الیکشن کمیشن نے الیکشن ملتوی کرنےکا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ یوسی 28 پر ووٹنگ کا عمل نئی تاریخ میں کرایا جائےگا۔

نواب شاہ میں سوشل سکیورٹی پولنگ اسٹیشن پر مسلح افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور عملے کو یرغمال بنا کر انتخابی سامان لے کر فرار ہوگئے ۔

سانگھڑ کی یونین کونسل 63 میں کشیدگی کے باعث پولنگ عملہ بھاگ گیا ، ٹنڈوآدم میں مخالف جماعتوں کے تصادم میں ایک امیدوار کا بھائی جاں بحق اور سکھر میں جاگیرانی برادری میں تصادم سے ایک شخص مارا گیا ۔

الیکشن کمیشن کی ہدایت پرمتعدد پولنگ اسٹیشنز پرپولنگ کا وقت بڑھایا بھی گیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button