ہزارہ ایکسپریس کی بوگی میں خرابی، ریلوے حکام کی جانب سے مسافروں کو ناشتہ اور کھانے کی فراہمی

ترجمان ریلوے ملتان کے مطابق ہزارہ ایکسپریس (12۔ڈاؤن) کی ایک اکانومی کوچ عبدالحکیم ریلوے اسٹیشن پر خراب ہوگئی، تکنیکی وجوہات کی بنا پر تبدیل کی گئی، واقعہ کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو عبدالحکیم اسٹیشن پر دیگر کوچز میں عارضی طور پر ایڈجسٹ کیا۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان افتخار حسین کی ہدایات پر اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ خانیوال نے مسافروں کی رہنمائی اور دیکھ بھال کے انتظامات کو یقینی بنایا۔
بعد ازاں مسافروں کی بہتر اور مستقل سہولت کے لیے ملتان اسٹیشن پر متبادل کوچ کا فوری بندوبست کیا گیا، جہاں مسافروں کو باقاعدہ اور آرام دہ کوچ میں منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر ڈویژنل کمرشل آفیسر اور ڈویژنل میڈیکل آفیسر بھی موجود رہے مسافروں کو سامان کی منتقلی میں مدد فراہم کی گئی جبکہ ناشتہ اور ریفریشمنٹ بھی مہیا کی گئی۔
مسافروں نے پاکستان ریلوے کے بروقت، منظم اور مسافر دوست اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے اپنے مسافروں کو سہولیات کی فراہمی اور ہر ممکن معاونت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہے۔


















