ٹی ٹوئینٹی ٹیم کے لئے ٹیلنٹ کی تلاش؛ پاکستان سٹرائیک فورس کیمپ کا آغاز، کھلاڑیوں کا رسپانس زبردست ہے، عبدالرراق
پاکستان کے سابقہ ہٹر عبدالرزاق ٹیلنٹ کو پولش کریں گے

پاکستان اسٹرائیک فورس کا تربیتی کیمپ آج سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہو گیا ہے۔ کیمپ کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز میں جدید دور کی بیٹنگ اور ہارڈ ہٹنگ کی مہارتوں پر کام کرنا ہے۔
کیمپ 14 سے 30 جنوری تک این سی اے لاہور میں جاری رہے گا اور کیمپ کا دوسرا مرحلہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں یکم سے 28 فروری تک ہوگا۔ اسٹرائیک فورس کیمپس ایمرجنگ اور ایلیٹ کھلاڑیوں کے لیے پورے سال کیلئے پلان کیے گئے ہیں۔
سابق انٹرنیشنل کرکٹر عبدالرزاق، جنہوں نے اپنے 17 سالہ انٹرنیشنل کیریئر میں ہارڈ ہٹنگ سے نام بنایا اور پاکستان کے لیے 168 چھکے لگائے، اس کیمپ کے ہیڈ کوچ ہیں جس کا مقصد بیٹنگ کے مختلف پہلوؤں کو تبدیل کرنا ہے جن میں ہینڈ آئی کو آرڈینیشن اسٹانس اور پاور ہٹنگ شامل ہیں۔
کیمپ میں سابق ٹیسٹ کرکٹر ہمایوں فرحت اور سابق فرسٹ کلاس کھلاڑی کامران ساجد، عبدالرزاق کی معاونت کریں گے۔
کوچ عبدالرزاق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایکسٹرا کور کے لیے بیٹ کی موومنٹ اور فٹ موومنٹ کیا ہونی چاہیے اور باڈی کا توازن کیا ہونا چاہیے یہ باتیں انہیں بتائی گئی ہیں، سب سے اہم نکتہ جو بتایا گیا ہے وہ بازو کا مضبوط ہونا ہے ، اس کی ایکسرسائز کرائی جارہی ہیں۔ ہفتے بھر کی ٹریننگ کے بعد ان کھلاڑیوں کو میچز میں کھلایا جائے گا جس سے ہمیں پتہ چلے گا کہ ٹی ٹوئنٹی کے اچھے کھلاڑی کونسے ہیں ، ایک نارمل کیمپ ہوتا ہے ، یہ کیمپ مختلف ہے جس میں پاور ہٹنگ پر توجہ دی جارہی ہے۔
عبدالرزاق نے مزید کہا کہ جن ایریاز میں بولرز کو وکٹیں ملتی ہیں اور بیٹرز وہاں کھیلنا پسند نہیں کرتے اور وکٹیں گنوا دیتے ہیں ، ہم ان ایریاز پر بھی کام کررہے ہیں کہ بیٹرز وہاں بھی کامیاب ہوسکیں۔ اس کیمپ میں یارکر گیند پر بھی کام کریں گے کہ بیٹر کس طرح اسے امپرووائز کرسکتا ہے۔
اسٹرائیک فورس کیمپ میں بلائے گئے 25 کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے رہنمائی کی جائے گی کہ کس طرح پریشر میں پرفارمنس کی جاتی ہے اور طاقت کے ساتھ جارحانہ اور تحمل کے ساتھ کس طرح بڑی کرکٹ میں بیٹنگ کی جاتی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بعد 2028 تک پاکستان کو دو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، ایک آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اور متعدد دوطرفہ وائٹ بال سیریز کھیلنی ہیں اس کیمپ سے قومی سیٹ اپ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی بیٹنگ کے لیے معیاری بینچ اسٹرینتھ بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔
حیدر علی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، مبصر خان، محمد عرفان خان اور عثمان خان اسٹرائیک فورس کیمپ کا حصہ بننے والے سات پاکستانی کھلاڑی ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
پاکستان اسٹرائیک فورس کیمپ کے کھلاڑی یہ ہیں۔
عبدالصمد (فیصل آباد) آفاق احمد (ایبٹ آباد) علی عمران (اسلام آباد)، عماد بٹ (سیالکوٹ)، عاشر محمود (سیالکوٹ)، حیدر علی (راولپنڈی) حسن نواز (اسلام آباد)، جہانداد خان (راولپنڈی) خواجہ محمد نافع (کراچی) خیام خان (ایبٹ آباد)، خوشدل شاہ (پشاور)، محمد عباس آفریدی (پشاور)، محمد عامر برکی (پشاور)، محمد فائق (لاہور)، محمد فیضان (فیصل آباد)، محمد سرور آفریدی (فاٹا) مبصر خان (راولپنڈی) محمد اخلاق (لاہور) محمد عمران رندھاوا (بہاولپور) محمد عرفان خان (فیصل آباد) ناصر نواز (راولپنڈی)
سعد مسعود (راولپنڈی)، شاویز عرفان (لاہور)، عثمان خان (کراچی) اور یاسر خان (راولپنڈی)
پلیئر سپورٹ اسٹاف:
عبدالرزاق (ہیڈ کوچ) ہمایوں فرحت (اسسٹنٹ کوچ) کامران ساجد (اسسٹنٹ کوچ)، یاسر ملک (ٹرینر) سلیمان اظہر (ڈیٹا انالسٹ) اور شہباز عاجز (تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ )۔