محمد اجمل خان چانڈیہ کا ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ

پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائیر ایجوکیشن پنجاب محمد اجمل خان چانڈیہ نے ایمرسن یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا، جہاں اُنہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں، نئے تعلیمی پروگرامز کے آغاز، اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجمل چانڈیہ نے ایمرسن یونیورسٹی میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق شروع کیے گئے 100 سے زائد نئے بی ایس پروگرامز، 23 ایم فل اور 5 پی ایچ ڈی پروگرامز کے اجراء پر وائس چانسلر کو مبارکباد پیش کی اور اس تعلیمی پیش رفت کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی نے بغیر کسی مالی خسارے کے 1 ارب 32 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کروایا ہے، جو ایک قابلِ تقلید کامیابی ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے دورے کے دوران یونیورسٹی کے مرکزی دروازے کی تزئین و آرائش، جدید اسٹوڈیو، یونیورسٹی ایمبلم کی تنصیب، اور ایڈمیشن ڈیسک پر وزیٹرز کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور ان اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اجمل چانڈیہ نے خاص طور پر یونیورسٹی میں قائم کی جانے والی جدید آئی ٹی لیبز، جن میں اے آر/وی آر، ڈی ایل ڈی، روبوٹکس، اور ہولوگرافک ٹیکنالوجی لیبز شامل ہیں، کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس اقدام کو طلبہ کے لیے مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ ایمرسن یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اور گورنمنٹ فنڈز کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
پارلیمانی سیکرٹری کے دیرینہ مطالبے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی بس شٹل سروس کے آغاز کا اعلان کیا، جس پر اجمل چانڈیہ نے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے بتایا کہ ایمرسن یونیورسٹی میں داخلوں کی آخری تاریخ میں 21 جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ داخلے کے اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔