بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا گیا
پی سی بی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے خلاف دو اضافی مینز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تصدیق کردی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچزکھیلیں گے۔ فیصل آباد 17 سال بعد ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیم مئی میں پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
یاد رہے کہ "ڈی رپورٹرز” نے یہ خبر پہلے ہی اپنے قارئین کو دے دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں ۔
پاکستان بنگلہ دیش ہوم سیریز: لاہور اِن ،ملتان آؤٹ، جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کا شدید تحفظات کا اظہار
یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام ( ایف ٹی پی ) کا حصہ ہے جو دراصل تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچوں پر مشتمل تھی تاہم آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پیش نظر دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی طور پر ون ڈے میچوں کی جگہ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔
پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 25 مئی سے 3 جون تک فیصل آباد اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
فیصل آباد کا اقبال اسٹیڈیم جس نے گزشتہ سال ستمبر میں افتتاحی چیمپئنز ون ڈے کپ اور گزشتہ ماہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی، سیریز کے پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی بالترتیب 25 اور 27 مئی کو کرے گا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد جو اس سے قبل 1978 سے 2008 کے درمیان 24 ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچوں کی میزبانی کر چکا ہے، 17 سال کے وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کو خوش آمدید کہے گا۔ اس اسٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی میچ اپریل 2008 میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ تھا۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 30 مئی، یکم جون اور 3 جون کو بقیہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا۔
بنگلہ دیشی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی اور 22 سے 24 مئی تک اقبال اسٹیڈیم میں تربیتی سیشن کرے گی۔
پاکستان بنگلہ دیش سیریز کا شیڈول۔( سیریز کے پانچوں میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔)
21 مئی بنگلہ دیش کی ٹیم کی آمد۔
25 مئی ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد۔
27 مئی۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد ۔
30 مئی ۔تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔قذافی اسٹیڈیم لاہور۔
یکم جون ۔چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور۔
3 جون ۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور۔