پائیدار ترقی کا بنیادی جزو امن ہے : آئی جی جنوبی پنجاب احسان صادق
ویمن یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز اور سماجی تنظیم کے زیر اہتمام ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کا عنوان "امن اور پائیدار ترقی” تھا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی آئی جی ساؤتھ پنجاب احسان صادق تھے ، جبکہ فوکل پرسن ڈاکٹر سعدیہ ارشاد تھیں ۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی آئی جی ساؤتھ پنجاب احسان صادق نے کہا کہ پائیدار ترقی کا بنیادی جزو امن ہے۔
ایک صحت مند کاروباری ماحول ترقی کے لیے اہم ہے، اور تنازعات کا شکار کمیونٹیز میں، غیر معتبر سماجی خدمات اور غربت، بھوک اور عدم مساوات جیسے سماجی مسائل کے پھیلاؤ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور جانتا ہے کہ آئین کی حرمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آئین کو بامعنی طور پر نافذ کرنا چاہیے۔
انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام نوجوانوں پر منحصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کو امن، خوشحالی اور رواداری کا مرکز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔امن کا روایتی تصور تنازعات کی عدم موجودگی پائیدار ترقی کے لیے کافی نہیں ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یونیورسٹیوں کو اپنا کردار ادا کرنے اور طالبات کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو معاشرے کی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھال کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مختلف مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے بتایا ویمن یونیورسٹی ملتان نے گرین میٹرک رینکنگ میں دیگر تمام یونیورسٹیوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے یونیورسٹی کی کارکردگی کو بیان کیا۔
ایک ایسے معاشرے میں جہاں مثبت امن قائم ہو، تمام شعبے مثبت معاشی، سیاسی اور سماجی عوامل کو سامنے لانے میں مدد کرتے ہیں جو پائیدار ترقی کا باعث بنتے ہیں ۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ کس طرح حکومت پائیدار ترقی کے لئے اہداف کے نفاذ میں غربت کے خاتمے، معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی مسائل اور معاشی عدم مساوات کو دور کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔
ڈائریکٹر آئی ایم ایس اور فوکل پرسن ڈاکٹر سعدیہ ارشاد نے کہا کہ امن اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا غربت کو کم کرتا ہے اور تنازعات کو روکتا ہے، اس کانفرنس سے ہم پائیدار ترقی کےلئے اہم سفارشات مرتب کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
کانفرنس کے تین سیشن ہوئے، ٹیکنیکل سیشن کے بعد وال پینٹنگ کا افتتاح مہمان خصوصی آئی جی احسان صادق اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کیا۔
اس وال کا مقصد طالبات کو ایس ڈی جی اہداف کے متعلق رہنمائی فراہم کرنا ہے ۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے شیلڈز تقسیم کی۔