پیکٹا نے گریڈ 8 کے سالانہ امتحانات 2026 کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی

اعلامیے کے مطابق امتحانات کا باقاعدہ آغاز 9 مارچ 2026 سے ہوگا اور تمام پرچے صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک لیے جائیں گے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق 9 مارچ بروز پیر ریاضی کا پرچہ ہوگا، 10 مارچ بروز منگل اردو، 11 مارچ بروز بدھ انگلش جبکہ 12 مارچ بروز جمعرات سائنس کا امتحان لیا جائے گا۔
پیکٹا کے مطابق گریڈ 8 کے دیگر مضامین کے پرچے اسکولز خود ایس بی اے ماڈل کے تحت آئی بی ایس سہولت سے منعقد کریں گے، جبکہ باقی مضامین کا شیڈول سالانہ ٹرم اسیسمنٹ 2026 کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحانی مرکز میں کیلکولیٹر، موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات لانا سختی سے ممنوع ہوگا۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان شروع ہونے سے کم از کم 30 منٹ قبل مرکز میں پہنچیں امیدواروں کے لیے بی فارم اور رول نمبر سلپ ساتھ لانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
امتحان کے دوران صرف نیلے یا کالے بال پوائنٹ پین کے استعمال کی اجازت ہوگی اور ریاضی کے پرچے کے لیے جیومیٹری بکس لانا ضروری ہوگا، صرف فراہم کردہ جوابی کاپی استعمال کی جائے گی اور کوئی اضافی شیٹ جاری نہیں کی جائے گی، جبکہ امتحان مکمل ہونے سے قبل کسی امیدوار کو مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام اسکولز اور طلبہ مقررہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ امتحانی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔













