زکریا یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار ڈبل ڈیوٹی کرتے پکڑے گئے
زکریا یونیورسٹی کے ایڈیشنل رجسٹرار سٹیٹ کامران تصدق کی جعل سازی پکڑی گئی، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی شروع کردی۔
رجسٹرار آفس ذرائع کے مطابق کامران تصدق نے اپنے ڈیوٹی ٹائمنگ کے دوران پارٹ ٹائم کلاسز پڑھانی شروع کردیں؛ جو خلاف قانون ہے، انہوں اس مد میں دولاکھ 24 ہزار کی رقم بھی وصول کی۔
جس پر ان کوایک مراسلہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ اپ نے سیشن 2021-22 اور 2022-23 کے دوران اپنی ڈیوٹی ٹائمنگ جو صبح 8 بجے سے چار بجے ہے میں پارٹ ٹائم کلاسز پڑھائیں، جو خلاف قانون ہے، اور کرپشن کی ذمے میں آتی ہے۔
آپ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے، رقم وصولی کی تصدیق یونیورسٹی کی خزانہ برانچ نے بھی کردی ہے، آپ کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے، اس لئے سات روز کے اندر اندر اپنی پوزیشن کلیئر کریں، اور وضاحت دیں۔
علاوہ ازیں فوری طور پر غیر قانونی طور پر وصول کئے گئے دو لاکھ 24 ہزار روپے کی رقم یونیورسٹی خزانے میں جمع کراکے رجسٹرار آفس کو رپورٹ کریں، اس سارے عمل کی منظوری وائس چانسلر نے دی ہے اس لئے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس طرح کی کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا عمل شروع کیا ہوا ہے، اس سے قبل یونیورسٹی شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد زاہد سے 5لاکھ جبکہ انتخاب عالم سے ایک لاکھ روپے وصول کئے جاچکے ہیں، اور ان کے خلاف کارروائی کا عمل بھی جاری ہے ۔