روشن تھل پروجیکٹ لانچ کرنے کی منظوری دے دی گئی
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 85 واں اجلاس ہوا، جس کی صدارت چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹر ز ڈاکٹر سعید شفقت (ماہر تعلیم) نے کی۔
منیجنگ ڈائریکٹر پیف منظر جاوید علی نے منظوری کے لیے ایجنڈے پیش کیے۔ پیف بورڈ ممبران نے روشن تھل پروجیکٹ اگلے ماہ لانچ کرنے کی منظوری دے دی۔
اس منصوبے کے تحت بھکر، میانوالی، خوشاب، جھنگ اور لیہ میں 3 سو نئے سکول کھولے جائیں گے، اور 18 ہزار سے زائد آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لایا جائے گا۔
پیف بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آفیسرز، ایگزیکٹو اسسٹنٹ، آفس اسسٹنٹ، آفس بوائے اور ڈرائیورز کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی۔
پیف بورڈ نے ریسرچ ایڈوائزر کمیٹی بنانے کی منظوری بھی دے دی، جو پیف کی جانب سے یونیورسٹیوں کو دیے گئے ٹاپکس کی ریسر چ کی ایویلیوایشن کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ پیف بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایم ای اوز کے الاؤنس میں بھی مزید اضافے کی منظوری دی ہے تاکہ پیف ایم ای اوز با آسانی دور دراز علاقوں میں موجود سکولوں کی مانیٹرنگ کر سکیں۔
ایم ڈی پیف نے اجلاس کو پیف ابراہیم ماڈل سکول کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔
بورڈ نے ابراہیم ماڈل سکول کو سیکنڈری لیول سے ہائیر سیکنڈری لیول کرنے کی منظوری دے دی، جس سے طلباء طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا۔ اجلاس میں دیگر اہم ایجنڈوں پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔