عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی

پیمرا نے عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی تقاریر دکھانے پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002 کے تحت عائد کی گئی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری نو ٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اب کوئی بھی ٹی وی چینل عمران خان تقاریر اور پریس کانفرنسز نشر نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر عائد پابندی سے متعلق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا تھا۔
پیمرا نے 21 اگست کو تمام ٹی وی چینلز پر سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
نوٹی فکیشن میں اس سے ایک روز قبل عمران خان کی ایف نائن پارک اسلام آباد میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عمران خان ریاستی اداروں کے خلاف مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف ان کے بیانات آرٹیکل 19 کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
نوٹی فکیشن میں تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ عمران خان کی تقاریر اور خطاب براہ راست نشر نہ کریں، تاہم ان کی ریکارڈ شدہ تقریر نشر کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر گزشتہ روز پنجاب میں حقیقی آزادی مارچ کے موقع پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا ، جس کے بعد انہوں نے اگلے روز ایک اہم اور براہ راست ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔